جموں // جموں سیول سوسائٹی فار پیس اینڈ بردر ہوڈ نے کہا ہے کہ 14فروری کو پلوامہ میں سی آر پی ایف اہلکاروں پر ہوئے فدائین حملے کے بعد جموں میں پیدا شدہ صورتحال کو کنٹرول کرنے میں سیول سوسائٹی نے اہم رول ادا کیا ہے جبکہ ایسے واقعات انجام دینے والوںکی سماج میںکوئی گنجائش نہیںجو اپنے مفاد کےلئے ملک و ریاست کے بھائی چارہ کے ساتھ کھیلتے ہیں ۔یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں سیول سوسائٹی کے اراکین نے کہاکہ پلوامہ واقعہ کے بعد ایسے حالات پیدا ہو ئے جن میں سماج کے ہرایک طبقہ نے یک زبان ہو تے ہوئے حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مذمت کی ۔اراکین نے کہا کہ جموں میں پیدا ہوئے حالات کے دوران سیول سوسائٹی نے سماج میں باہمی نقصان کو بچانے کےلئے آگے آئی جبکہ سماج کے ہرایک فرد کو چاہیے کہ وہ اسی طرح کے کسی بھی معاملے کے بعد باہمی نقصانات پہنچانے سے گریز کریں ۔سیول سوسائٹی کے اراکین نے کہاکہ ریاست میں گزشتہ کئی دہائیوں سے پیدا ہوئے حالات کی وجہ سے سماج میں آپسی بھائی چارے کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ایسے حالات کے دوران سماج کے با شعور افراد کو چاہیے کہ وہ خاموش تماشائی بننے کے بجائے طرفین میں آپسی مفاہمت اور معاملات کو حل کر وانے میں اپنا رول ادا کریں ۔انہوں نے کہاکہ ملک اور ریاست میں چھوٹے معاملات کو بھی سیاسی اور اقتصادی معاملا ت کی وجہ سے ہوا دی جاتی ہے لیکن سیول سوسائٹی کو اپنا رول مثبت طریقہ سے انجام دینا چاہیے ۔اراکین نے کہاکہ وہ جلد ہی سماج کے ہر ایک طبقہ کےساتھ مل کر آپسی بھائی چارے کو درست سمت دینے کی کوشش کرینگے ۔اس موقعہ پر گوجر دیش چیری ٹیبل ٹرسٹ کے صدر ڈاکٹر مسعود چوہدری ،محمد اسلم گونی ،سابقہ ایڈوکیٹ جنرل آر ایس جموال ،ایم آر قریشی ،ہربنس لعل ،سابقہ سیشن جج ہری اوم ،بی آر ڈوگرہ ودیگران بھی موجودتھے ۔