جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے خواتین کے بین الاقوامی دن پر لوگوں کو مبارک باد دی ہے۔یہ دِن پوری دنیا میں 8؍ مارچ کو منایا جاتا ہے۔گورنر نے کہا کہ سماج کے سبھی طبقوں کو آگے آکر خواتین کی حمایت کر کے اُن کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کو روکنے کے لئے جامع بیداری پیدا کرنی چاہئیں۔گورنر نے خواتین کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ریاستی اور مرکزی سکیموں کی مؤثر عمل آوری کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ادھر گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے خواتین کے بین الاقوامی دن کے موقعہ پر تمام خواتین کو مبارکباد دی ہے ۔ اپنے پیغام میں خورشید گنائی جن کے پاس سماجی بہبود محکمے کا چارج بھی ہے ، نے سماج کے تمام شعبوں میں خواتین کے رول کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اس بات کی عکاسی کرنے کا ایک بہترین موقعہ فراہم کرتا ہے کہ خواتین سماج میں کتنا کلیدی رول ادا کرتی ہیں ۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اُن خواتین سے ترغیب حاصل کریں جنہوں نے تعلیم ، کھیل کود ، سائنس اور ادب کے شعبوں میں کار ہائے نمایاں انجام دئیے ہیں ۔ مشیر نے امید ظاہر کی کہ سماج خواتین کی ہمت اور عزم کو تسلیم کرے گا اور انہیں ترقی کے برابر کے مواقعہ دستیاب کرائے گا ۔