شیعہ فیڈریشن کا ’بیک ٹوولیج ‘پروگرام کا خیر مقدم
جموں //شیعہ فیڈریشن نے گورنر انتظامیہ کی طرف سے شروع کئے گئے پروگرام ’بیک ٹوولیج ‘کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ اگر اس پروگرام کے دوران سنجیدگی سے ہر ایک گائوں کے مسائل اور مشکلات کی تفصیل جمع کرکے ان کے حل کیلئے اقدامات کئے جائیں گے تو یقینا اس سے دیہی علاقوں کی تعمیروترقی میں ایک تبدیلی رونماہوگی ۔یہاں جاری ایک پریس بیا ن میں فیڈریشن صدر عاشق حسین خان نے کہاکہ یہ ایک اہم اور دوراندیشانہ پروگرام ہے جس سے نہ صرف افسران پنچایتوں میں دو روز قیام کرکے لوگوں کے مسائل اور مشکلات سے واقف ہوں گے بلکہ انہیں خود یہ احساس ہوگاکہ گائوں کے لوگ کس معیار کی زندگی بسر کررہے ہیں ۔ ان کاکہناتھاکہ وہ اس پروگرام کیلئے گورنر انتظامیہ کی ستائش کرتے ہیں اور امید کی جانی چاہئے کہ افسران سنجیدگی اور خلوص سے اپنی ڈیوٹی انجام دے کر رپورٹ حکام تک پہنچائیں گے تاکہ گائوں دیہات سے جڑے مسائل کا ازالہ ہوسکے ۔عاشق خان نے کہاکہ اس طرح کے پروگرام کی ہمیشہ سے ضرورت رہی ہے اور دیر سے ہی سہی مگر ایک اہم پہل کی گئی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ لوگوں کو بھی چاہئے کہ وہ بیس سے ستائیس جون تک چلنے والے اس پروگرام میں شمولیت کریں اور منعقدہونے والی گرام سبھامیں اپنے مسائل کو اجاگر کریں ۔ان کاکہناتھاکہ یہ پروگرام گائوں دیہات کی تعمیروترقی کی نئی سمت طے کرسکتاہے لیکن اس کیلئے پوری طرح سے سنجیدہ روی اپنانے کی ضرورت ہے اور ایسا نہیں ہوناچاہئے کہ افسران دو روزکیلئے گائوں دیہات میں جائیں اورپھر اس کے بعد عملی سطح پر کوئی اقدام ہی نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ گزیٹیڈ افسران کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ لوگوں کے مسائل کو بخوبی جائزہ لیکر انہیں حکام تک پہنچائیں اورپھر حکام کی طرف سے عوامی خدمات کی فراہمی کیلئے لازمی اقدامات کئے جائیں ۔انہوں نے کہاکہ اس طرح سے بنیادی سطح پر منصوبہ بندی کا عمل بھی مضبوط ہوگا اور عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے گا۔
چھنی راما میں کیمونٹی ٹائلٹ کا سنگ بنیاد
جموں //جموں شہر میں لوگوں کو بہتر شہری سہولیات فراہم کرنے کیلئے جموں میونسپل کمیٹی کی جانب سے بدھ کے روز یہاں چھنی راما میں ایک کیمونٹی ٹائیلٹ کا سنگ بنیاد رکھا ۔مئیر چندر موہن شرما نے وارڈ نمبر 49کے کونسلر کمل سنگھ جموال ،ایگزیکٹو انجینئر جے ایم سی ارون گپتا، اے ای ای / مئیر کے نوڈل افسر انیل گپتا کے ہمراہ وارڈ نمبر 49 نروال چھنی راما و ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا اور متعدد ترقیاتی کاموںکا جائزہ لیا۔مئیر نے وارڈ نمبر 49کے لداخ کلچر اینڈ آرٹ سنٹر میں بھارت سرکار کی سوچھ بھارت مشن سکیم کے تحت کیمونٹی ٹائیلٹ کا سنگ بنیاد رکھا ۔اس موقعہ پر مئیر کو بتایا گیا کہ اس ٹائیلٹ کی تعمیر پر 10.50 لاکھ روپے کی لاگت کا تخمینہ ہے،جس میں 2 زنانہ اور 3 مردانہ ٹائیلٹ بشمول 3 یورینل اور دیکھ بھال کیلئے ایک کمرہ ہوگا۔سنٹر ہذا کا سال بھر لداخ خطہ کے لوگ دورہ کرتے ہیں۔اسلئے کیمونٹی ٹائیلٹ کی وہاں ایک بڑی مانگ تھی،جسے ایک این جی او دیکھ بھال کرے گی۔مئیر نے اس موقعہ پر جموں شہر کی ترقی کیلئے وزیر اعظم کے سب کا ساتھ ،سب کا وکاس کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ جے ایم سی مستقبل قریب میں پروجیکٹوں کی ایک بڑی تعداد ہاتھ میں لے رہی ہے،تاکہ سیاحوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد جموں وارد ہو سکے۔انہوں ے ایگزیکٹو انجینئر کو دیگر پروجیکٹوں کی تکمیل معیاد بند وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت دی ،تاکہ جموں شہر کے عوام او رسیاحوں کو ان پروجیکٹوں سے فائدہ ہو۔
ٹیچرس ویلفیئر ایسو سی ایشن کا اضافی تنخواہ کیلئےایم ٹی جاری کرنے کا مطالبہ
جموں // ٹیچرس ویلفیئر ایسو سی ایشن نے سہری بلدیاتی و پنچایتی انتخابات میں ڈیوٹی انجام دینے والون کے حق میںاضافی ایک مہینہ کی تنخواہ کیلئے محکمہ فائنانس سے MTجاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ایک پریس بیان میں ایسوسی ایشن کے صدر جسمیت سنگھ مدن نے کہا ہے کہ ریاست کے چیف سیکرٹری نے الیکشن ڈیوٹی انجام دینے والے تمام سرکاری ملازموں کے حق میں ایک ماہ کی اضافی تنخواہ واگُذار کرنے کی ہدایت جاری کی تھی اور سانبہ و راجوری اضلاع کے ملازمین کو اس کا فائدہ دیا گیا ہے لیکن باوجود ا ن ہدایات کے کئی اضلاع میں ابھی تک اضافی ایک ماہ کی تنخواہ واگُذار نہیں کی گئی ہے۔انہوں نے محکمہ فائنانس سے اس سلسلہ میں اپنا رد عمل ظاہر کرنے کی اپیل کی ہے۔ مدن نے مزید کہا کہ اس سلسلہ میں ٹریجریوں میں بلیں پہلے ہی ایم ٹی کا انتظار کر رہی ہیں۔ایسو سی ایشن نے گورنر ،چیف سیکرٹری سے اس سلسلہ میں ضروری مداخلت کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
جموں مسلم فرنٹ نے امرناتھ یاتریوں کو خوش آمدیدکہا
جموں// پریس کے نام جاری ایک بیان میں جموں مسلم فرنٹ نے امرناتھ یاتراکیلئے آنے والے یاتریوں کو خوش آمدید کہا ہے ۔فرنٹ کے صدر قاضی عمران نے لوگوں خاص طور سے ٹرانسپورٹروں ،دکانداروں ،ہوٹل والوں سے ریاست میں آنے والے مہمانوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کرنے کی اپیل کی تا کہ وہ مزید یاتریوں کو ریاست میں آنے کیلئے سفیر کے طور سے پیش ہوں جس سے ہماری ٹوریزم صنعت کو فروغ ملے گا۔فرنٹ چیئر مین شجاع ظفر نے نے لوگوں سے اپیل کی وہ یاترا کو دوستانہ ماحول میں چلنے کیلئے مدد کریں۔
سکولی وردی کی فراہمی میں تاخیر سے ا ساتذہ و بچے تذبذب کے شکار
رہبر تعلیم ٹیچرزکی گونر انتظامیہ و متعلقہ محکمہ سے فوری مداخلت کی اپیل
جموں // جموں کشمیر رہبر تعلیم ٹیچرز فورم نے کہا ہے کہ سکولوں میں بچوں کو فراہم کی جانی والی وردی میں تاخیر کی وجہ سے سکولوں میں وردی یعنی یونیفارم کے حوالے سے نظم و ضبط کو بنائے رکھنے میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ بچے اور ان کے والدین بھی تذبذب کے شکار ہیں۔ یہاں جاری ایک پریس بیان میں فورم نے فورم کے ریاستی میڈیا ترجمان کے حوالے سے کہا ہے کہ سکولوں میں چار مہینوں کا سیشن گذر جانے کے بعد بھی ابھی تک بچوں کو وردی فراہم نہ کی گئی ہے جس کہ وجہ سے سکولوں میں زیر تعلیم بیشتر غریب والدین کے بچے تذزب کے شکار ہیں کہ آیا وہ یونیفارم خرید کر لائیں یا پھر انہیں سرکار کی طرف سے مہیا کی جائے گی۔ سکولوں میں تعینات اساتذہ اور انتظامیہ بھی اس حوالے سے بچوں کو کچھ بھی کہنے سے قاصر ہیں۔ پر یس بیان کے مطابق فورم چیئرمین فاروق احمد تانترے نے اس حوالے سے گونر انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی ہے کہ ریاست کے سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو فراہم کی جانی والی وردی کے تاخیر میں متعلقہ ایجنسی پر دباو بنا کر بچوں کو جلدی فراہم کی جائے چونکہ سال کا اچھا سیشن بچوں نے سکولوں میں بنا وردی کے گذارا ہے ۔
ٹگوترہ ہ برادری نے طبقہ کے ذہین طلاب کی عزت افزائی کی
جموں / ٹگوترہ ہ برادری کا ششماہی میل بدھ کے روز یہاں داتا سرنو جی مہاراج دیو استھان رتھانی آر ایس پورہ میں مذہبی جو ش و خروش کے ساتھ منایا گیا ، جس میں ریاست جموں و کشمیر، ہریانہ، پنجاب ، ہماچل پردیش و ملک کے دیگر حصوں سے آئے ہوئے تقریباً 10 ہزار عقیدت مندوں نے شرکت کرکے کل دیوتا سرنو جی مہاراج کے آشیر واد حاصل کئے۔پروگرام کا آغاز ہون کے ساتھ کیا گیا جسکا اختتام ہون کی پورن آہوتی سے کیا گیا ۔اس موقعہ پر عقیدت مندوں میں پریتی بھوج بھی تقسیم کیا گیا ۔اس موقعہ پر ایک طبی کیمپ کا ابھی اہتمام کیا گا،جس میں ضرورت مندوں کا طبی جانچ کیا گیا اور مفت ادویات تقسیم کئے گئے۔پروگرام کے دوران طبقہ کے ذہین طلاب کی عزت افزائی کی گئی۔پروگام میں براسدری کے چئیر مین بچن سنگھ ٹگوترہ، شام ٹگوترہ اور رمیش ٹگوترہ نے بھی شرکت کی۔
جے کے بی جے پی مہلا مورچہ نے ممتا بینرجی کو ہزاروں پوسٹ کارڈ ارسال کئے
جموں //وزیر اعلی ممتا بینر جی کو قومی سطح پر 10 لاکھ پوسٹ کارڈ بھیجنے کی مہم کے تحت بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی مہلا مورچہ نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ کو 6000 سے زائد پوسٹ کارڈ ارسال کئے۔مہلا مورچہ کی ریاستی صدر رجنی سیٹھی نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینر جی کو جے شری رام کہنے والے بی جے پی کارکنوں کو حراساں کرنے کی کاوائی کی مذمت کی اور دعویٰ کیا کہ ممتا بینر جی شری رام کہنے والے بے گناہوں کو جیلوں میں ڈال رہی ہے،جو کہ بہت ہی شرم ناک ہے۔انہوں ے مزید کہا کہ ہم مغربی بنگال کے لوگوں خصوصاً وزیر اعلیٰ ممتا بینر جی کو’’ جے شری رام ‘‘کہنا چاہتے ہیں،جس نے جے شری رام کہنے والے لوگوں کو جیلوں میں ڈالنا شروع کیا ہے ۔رجنی سیٹھی نے کہا کہ ملک میں رام لوگوں ک زندگیوں کا ایک حصہ ہے اور ممتا بینرجی نے رامائن اور مہا بھارت کی بے عزتی کی ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح سے ٹی ایم سی کی سپریمو نے کروڑوں ہندوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ممتا بنر جی ریاست میں بی جے پی کی مقبولیت سے خوف زدہ ہیںجہاں پر لوگ اسے اقتدار سے بے دخل کرنے کے لئے تیار بیٹھے ہیں۔
این سی سی کی جانب سے نگروٹہ میں تربیتی کیمپ کاتیسرا دن
جموں //این سی سی سیکنڈ بٹالین جے اینڈ کے کی جانب سے پیر کے روز یہاں نگروٹہ کیمپنگ گرائونڈ میں منعقدہ این سی سی تربیتی کیمپ کے تیسرے روز متعدد کاروائیوں کا اہتمام کیا گیا جیسے کہ ٹینٹ لگانے، نقشہ پڑھنے کی مشق، روکاوٹ تربیت وفائرنگوغیرہ منعقد کی ۔ کیمپ میں کرنل جی ایس (ایجوکیشن ) کرنل اے کے مہنتیاور وائٹ نائٹ کور کے کرنل راجیش کمار نے بھی شرکت کی۔ کرنل اے کے مُہنتی نے ہتھیار بند فورسز میں اندراج کیلئے ایس ایس بی کوچنگ پر ترغیبی لیکچر دیا ۔ کیڈٹوں کو ہتھیاروں کی تربیت بھی دی گئی ۔یوگا کلاس تیسرے روز بھی جاری رہی ۔کیڈٹوں کو یوگااپنی روز مرہ زندگی کا ایک حصہ بنانے کی ترغیب دی گئی۔ ۔تربیتی کیمپ کا مقصد این سی سی کیڈٹوں کو بین الاقوامی یوگا دن اور ملٹری ٹریننگ عمل میں تربیت یافتہ بنانا ہے