مغل روڑ حادثہ
وجے کمار، خورشید گنائی، شرما اور سکندن کا اظہارِ رنج
سرینگر//گورنر کے مشیرکے وجے کمار، خورشید احمد گنائی، کے کے شرما اور کے سکندن نے پیر کی گلی کے مقام پر پیش آئے سڑک حادثے میں ہوئے انسانی جانوں کے زیاں پر دُکھ کا اظہار کیا ہے۔اپنے الگ الگ پیغامات میں مشیروں نے سوگوار کنبوں کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی فوری صحت یابی کے لئے دُعا کی۔دریں اثنا کے وجے کمار جن کے پاس صحت محکمہ کا چارج بھی ہے، نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات بہم کرائیں۔
فوڈ سیفٹی معیار کی خلاف ورزی،کپوارہ میں تاجروں پر 65 ہزارروپے کا جرمانہ عائد
کپوارہ//ایڈجوڈکیٹنگ آفیسر ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کپوارہ فاروق احمد نے ضلع میں مختلف تاجروں و دکاندارو اورہول سیل ڈیلروںپر فوڈ سیفٹی سٹنڈارڈ کی خلاف ورزی کی پاداش میں 65000روپے کا جرمانہ عائد کیا۔یہ جرمانہ ضلع کپوارہ کے مختلف بلاکوں کے دورے کے دوران عائد کیا گیا۔
مینڈھر میں سڑکوں کی حالت نا گفتہ بہہ
لوگوں کو دوران آمد ورفت شدید مسائل کا سامنا ،انتظامیہ خاموش تماشائی
جاوید اقبال
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کے تینوں تحصیلوں میں سڑکوں سڑکوں کی خستہ حالی کی وجہ سے مسافروں وعام لوگوں کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سڑکوں کی حالت کے سلسلہ میں کئی مرتبہ انتظامیہ سے رجوع کیا گیا لیکن یقین دہانیوں کے باوجود بھی اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمہ زمینوں کی کٹائی کے بعد سڑکوں کو مکمل کرنے کی طرف کوئی توجہ نہیں دیتا جس کی وجہ سے جہاں لوگوں کی زمینیں تباہ ہو رہی ہیں وہائیں مسافروں و عام لوگوں کو بھی مشکلات کا سا منا کرناپڑرہاہے ۔انہوں نے کہاکہ کئی ایک مین سڑکوں کی طرف برتی جارہی غفلت شعاری کی وجہ سے سڑکیں اب کھڈوں میں تبدیل ہو چکی ہیں ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ پہاڑی علا قوں کی سڑکوں پر گاڑیوں کا چلنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے لیکن متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ عوام کو معیاری سہولیات فراہم کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو چکی ہے ۔مقامی لوگوں نے ریاستی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر میں نامکمل سڑکوں کو جلداز جلد مکمل کیا جائے تاکہ دیہی علا قوں میں رہائش پذیر لوگوں کو معیاری سہولیات دستیاب ہو سکیں ۔
کولگام دھماکہ افسوسناک ،وجے کمارنے تحقیقات کا حکم صادرکیا
کولگام//گورنر کے مشیر کے وِجے کمار نے کولگام ضلع کے چاڈر علاقے میں ہوئے ایک پُر اسرار دھماکے میں ایک شہری نذیر احمد بٹ کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اِظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کی تحقیقات کاحکم دیا ہے۔مشیر موصوف نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی ظاہر کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے ابدی سکون کے لئے دعا کی ہے۔دریں اثنا صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے بھی اس پُر اسرا ر دھماکے کی تحقیقات کے احکامات صادر کئے ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کولگا م کو اس معاملے میں تحقیقاتی افسر مقرر کیا گیا ہے جو سات روز کے اندر اپنی رِپورٹ پیش کریںگے۔
منشیات مخالف عالمی دن
ڈاکٹر فاروق کا منظم مہم چلانے پر زور
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹرفاروق عبداللہ نے منشیات مخالف عالمی دن کے موقع پر کہاہے کہ دنیا میں نشیلی ادویات کا پھیلاؤ پوری عالم انسایت کیلئے تشویشناک ہے۔ اُنہوں نے کہا’’ بدقسمتی سے ہماری ریاست میں بھی نشیلی ادویات کااستعمال بڑھتا جارہا ہے اور سب سے زیادہ پریشانی اس بات کی ہے کہ ہمارے نوجوان خصوصاً طالب علم اس کے عادی بن چکے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہاکہ سماج میں بڑھتی ہوئی بے راہ روی ، بے شرمی اور بے حیاہی سے بھی آنے والی نسل پر زبردست بُرے اثرات پڑنے کا احتمال ہے۔انہوں نے علماء اور ایمہ مساجدسے اپیل کی ہے کہ وہ مذہبی تقریبات خصوصاً ہر جمعہ کے موقع پر نشیلی ادویات کے مضر اثرات سے لوگوں کو آگاہ کریں ۔
جموں چیمبر وزیرداخلہ سے شاکی
انکم ٹیکس چھاپوں پرفوری مداخلت کی جائے
نیوزڈیسک
سرینگر//ریاست جموں وکشمیر میں محکمہ انکم ٹیکس کی متواتر چھاپہ مار کاروائیوں کے تناظر میںجموں چیمبرآف کامرس نے ریاست کے دورے پر آئے وزیر داخلہ امت شاہ سے استدعا کی ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں۔جموں چیمبر کا کہنا ہے کہ مرکزی ادارے اس وقت جبکہ یہاں امرناتھ یاترا کے حوالے سے تیاریاں جاری ہیں اور ایک پر امن ماحول بنا ہوا ہے ،ایسے میں انکم ٹیکس محکمہ چھاپوں کا سلسلہ تیز کرکے اس ماحول کو بگاڑ رہا ہے۔وزیر داخلہ کے نام لکھے اپنے خط میں جموں چیمبر کے صدر راکیش گپتا نے کہاکہ ریاست کے تاجر ٹیکس ادائیگی کے خلاف نہیں ہیں لیکن محکمہ جس طرح چھاپوں اور ہراسانی کا طریقہ اپنا رہا ہے اس سے یہاں پر بزنس ماحول مکدر ہورہا ہے۔انہوں نے وزیرداخلہ سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور تحقیقاتی ایجنسیوں کو اس بات کا مکلف بنائیں کہ وہ جان بوجھ کر ٹیکس چوری کرنے والوں کے خلاف کاروائی کریں اور عام اور ایماندار تاجروں کو ٹارگیٹ کرنا بند کریں