جموں//لیفٹنٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے بُنکروں اور دستکاروں کو مراعات دینے کیلئے ضروری اقدامات کرنے پر زور دیا ہے تا کہ اُن کی آمدن میں اضافے کے ساتھ ساتھ روائتی فنون اور دستکاری کے احیائے نو کو یقینی بنایا جا سکے ۔ مشیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار جموں اینڈ کشمیر ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور جموں اینڈ کشمیر ہینڈی کرافٹ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگوں کے دوران کیا ۔ ان میٹنگوں میں کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت ایم کے دویدی ، ڈائریکٹر جنرل منصوبہ بندی صاحب زادہ بلال ، ڈائریکٹر ہینڈ لوم ببیتہ رکوال ، ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹ مسرت السلام ، منیجنگ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن حشمت ایتو اور منیجنگ ڈائریکٹر ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن راکیش شرما بھی موجود تھے ۔ میٹنگ کے دوران مشیر نے دونوں کارپوریشنوں کو منافع بخش بنانے کیلئے ضروری اقدامات کرنے پر زور دیا ۔ مشیر نے روائتی فنون اور جموں کشمیر کی دستکاریوں خصوصاً پشمینہ سازی کے احیائے نو اور ان کے فروغ کیلئے ایک قابلِ عمل میکنزم متعارف کرنے کی ہدایت دی ۔ مشیر نے دستکاروں اور فنکاروں کو ضروری معاونت فراہم کرنے پر بھی زور دیا تا کہ وہ اپنی آمدن اور منافع میں اضافہ کر سکیں ۔ مشیر نے کہا کہ نوجوان نسل کو بھی روایتی دستکاریوں کی جانب راغب کرنے کیلئے اقدامات کئے جانے چاہئیں ۔ مقامی مصنوعات کو قومی اور بین الاقوامی سطح تک لے جانے کیلئے کام کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے مشیر نے اس سلسلے میں نیشنل سکول آف ڈیزائین اور نیشنل انسٹی چیوٹ آف فیشن ٹیکنالوجی سے مشورہ حاصل کرنے کی صلاح دی ۔ مشیر نے کارپوریشنوں کی سرگرمیوں کو مزید متحرک بنانے کیلئے محکمہ سیاحت اور دیگر سرکاری محکموں کے ساتھ تال میل قائم کر کے کام کرنے پر زور دیا ۔ مشیر نے قومی سطح پر مختلف بازاروں میں مقامی دستکاریوں کیلئے نمائشوں کا اہتمام کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ کے کے شرما نے غیر تسلی بخش شو رومز کے خلاف کاروائی کرنے کے بھی احکامات دئیے ۔