سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ یہ جماعت عوامی احساسات، جذبات اور امنگوں کی ترجمانی کرتی آئی ہے اور مستقبل میں بھی یہ جماعت جموں وکشمیر کے تہذیب و تمدن ،لوگوں کے مفادات اور مہذبی رواداری کی مشعل کو فروزان رکھنے کے اپنے مشن پر کاربند رہے گی۔ اپنی رہائش گاہ پر ہندوارہ، قاضی گنڈ، کپوارہ، سرینگر، بیروہ، بڈگام، گاندربل، اننت ناگ، کولگام، پلوامہ، ترال اور دیگر علاقوں سے آئے ہوئے پارٹی لیڈران، عہدیداران، کارکنوں اور عوامی وفود کیساتھ ملاقات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوموں کی کامیابی اور کامرانی کا راز صرف اور صرف آپسی اتحاد و اتفاق میں ہوتا ہے جبکہ نااتفاقی اور تضاد ہمیشہ زوال اور تباہی ثابت ہوئی ہے۔ جس جماعت میں ربط و ضبط ہو اور جہاں جماعت کو ہی بالادستی حاصل اُس جماعت کو زیر نہیں کیا جاسکتا ۔ڈاکٹر فاروق نے کہاکہ لوگوں اور پارٹی کارکنوں کے جوش و جذبے سے میں بہت زیادہ متاثر ہوا اور میں اُن تمام افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے میری رہائی کیلئے دعا کی اور مجھے اُمید ہے کہ باقی قیدیوں کو بھی فوری طور پر رہا کیا جائیگا۔اس موقعے پر پارٹی کے لیڈران محمد یوسف ٹینگ، ڈاکٹر غلام نبی، سابق ایم ایل اے گاندربل حاجی محمد مقبول بٹ، سید توقیر، پیرزادہ فیروز شاہ، قیصر جلالی اور ڈاکٹر سعید بھی موجود تھے۔اس دوران سماجی کارکن جاوید قریشی کی قیادت میں ایک وفدنے بھی ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے ملاقات کی اور طویل نظر بندی سے آزاد ہونے پر انہیں مبارکباد پیش کی ۔