جموں //گزشتہ روز جنوبی کشمیر میں نامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھو ں مارے گئے کشمیری پنڈت سرپنچ کی آخری رسومات جموں میں ادا کی گئیں ۔مہلوک سرپنچ اجے پنڈتا کی نعش اننت ناگ سے جموں لائی گئی جہاں اہل خانہ ،رشتہ داروں اور طبقہ کے معززین کی موجودگی میں آخری رسومات ادا کی گئیں ۔کشمیری پنڈت طبقہ نے سرپنچ کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دیگر پنچایتی نمائندگان کو سیکورٹی فراہم کرنے کی مانگ کی ہے ۔صدر کشمیر ی پنڈت سبھا کے کے کھوسہ نے کہاکہ پنڈتا کی ہلاکت میں ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے اور حکومت منتخب نمائندگان کو سیکورٹی فراہم کرے تاکہ وہ جنگجوؤں کے حملہ سے بچ سکیں۔کھوسہ نے کہاکہ اس مرحلے پر کشمیرکی سیاسی جماعتوں کو سامنے آکر مثبت رول ادا کرناچاہئے ۔بھاجپا کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے ہلاکت خیز واقعہ پر کہا”یہ پاکستان کی طرف سے ایک سازش ہے جس نے 1990کی دہائی میں بھی کشمیر ی پنڈتوں کو نشانہ بنایاجس کی وجہ سے یہ طبقہ کشمیر سے ہجرت کرنے پر مجبور ہوا“۔انہوں نے کہاکہ ملی ٹینٹوں نے ایک سرپنچ نہیں بلکہ انسانیت کا قتل کیاہے ۔دریں اثناءآل جموں وکشمیر پنچایت کانفرنس نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے سیکورٹی کی مانگ کی ہے ۔ پنچایت کانفرنس کے صدر انیل شرما نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا”مہلوک سرپنچ نے سیکورٹی کی مانگ کی تھی لیکن اسے سیکورٹی فراہم نہیں کی گئی “۔اس دوران پریس کلب جموں کے باہر بھارتیہ جنتایوامورچہ کی طرف سے سرپنچ کی ہلاکت پر احتجاج بھی کیاگیا ۔دریں اثنا سماج کے مختلف طبقوں سے وابستہ افراد نے سرپنچ کی ہلاکت پر گہرے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہسانحہ میں ملوث افراد کو سزا دی جائے ۔
لیفٹیننٹ گورنر کا اظہار رنج | ہلاکت بزدلانہ کارروائی سے تعبیر
جموں//لیفٹیننٹ گورنرگریش چندر مرمو نے اننت ناگ کشمیر میں سرپنچ اَجے پنڈتا بھارتی کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اِظہار کیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اِس ہلاکت کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ کے پیچھے اِنسانیت کے دشمن ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کسی بھی عوامی نمائندے پر حملہ جمہوری نظام پر حملے کے مترادف ہے ۔ اُنہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ مجرموں کو کیفردارتک پہنچانے میں کوئی بھی کسر باقی نہ رکھیں۔اُنہوں نے آنجہانی کے دائمی سکون کے لئے دعا کی اور سوگوار خاندان کے ساتھ یگانگت کا اظہار کیا۔
سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ ہمیشہ رد کیا گیا: میر
جموں// جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے کہا کہ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں نامعلوم اسلحہ برداروں کے ہاتھوں مارے گئے کانگریسی سرپنچ اجے پنڈتا کو بارہا منتیں سماجت کرنے کے باوجود بھی سیکورٹی فراہم نہیں کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ اگر انہیں تھوڑی ہی سیکورٹی فراہم کی گئی ہوتی تو شاید آج ان کی ہلاکت یہ واقعہ پیش نہیں آتا۔انہوں نے مزید کہا”مہلوک سرپنچ گذشتہ کئی ماہ سے متعلقہ حکام سے انہیں سیکورٹی فراہم کرنے کی گذارش کرتا رہا اور پارٹی نے بھی کئی بار اپیل کی تھی کہ اقلیتی فرقے سے وابستہ لوگوں کو سیکورٹی فراہم کی جانی چاہئے“۔انہوں نے کہا کہ اگر انہیں تھوڑی ہی سیکورٹی فراہم کی گئی ہوتی تو شاید یہ واقعہ پیش نہیں آتا۔غلام احمد میر نے کہا کہ مہلوک سرپنچ نے الیکشن لڑنے کی خواہش ظاہر کی تھی تو سارا گاو