جنیوا // کووڈ 19 کی عالمی وبا کے پیش نظر مختلف ممالک کی جانب سے ہوا بازی کے شعبے پر جاری پابندیوں کی وجہ سے اس سال ہوا بازی کے شعبے میں 84 بلین ڈالر سے زیادہ کا خسارہ اور محصولات 419 ارب ڈالر تک کم ہونے کا خدشہ ہے ۔ انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ( آئی اے ٹی اے ) نے منگل کے روز جاری رپورٹ میں یہ بات کہی۔ آئی اے ٹی اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سال ہوائی نقل و حمل کے شعبے کی آمدنی نصف رہ جائے گی۔ گزشتہ سال یہ آمدنی 838 بلین ڈالر تھی۔ سال 2020 میں اس کا تخمینہ 419 ارب ڈالر رہنے کا ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محصولات میں بڑے پیمانے پر کمی کی وجہ سے ہوا بازی کی صنعت کو روزانہ اوسطا 23 کروڑ ڈالر کا نقصان ہو گا۔ پورے سال کے دوران 84.3 ارب ڈالر کے نقصان کا خدشہ ہے جو 20.1 فیصد کے برابر ہوگا۔آئی اے ٹی اے نے 2021 میں 598 ارب ڈالر کی محصولات اور 15.8 ارب ڈالر کے نقصان کی پیش گوئی کی ہے ۔آئي اے ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل الیگزینڈر ڈی زونائک نے کہا کہ "مالی صورتحال کے لحاظ سے سال 2020 ہوا بازی صنعت کی تاریخ کا بدترین سال ہوگا"۔ ہر روز انڈسٹری میں اوسطا0 23 کروڑ ڈالر کا نقصان ہوگا۔ اس سال مسافروں کی تعداد کا تخمینہ 2.2 ارب رہنے کا ہے۔