جموں//لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے معروف شہریوں اور راجوری ، پونچھ اضلاع کے ماہرین تعلیم کے ساتھ بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقعہ پر خطے میں اعلیٰ تعلیمی نظام کو ترقی دینے پر غور و خوض ہوا ۔ میٹنگ یو ٹی میں تعلیمی نظام میںاصلاحات کیلئے متعلقین کے ساتھ جاری تبادلہ خیال کا ایک حصہ تھی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی اور خطے میں دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں کے کام کاج سے متعلق فیڈ بیک اور مشورے طلب کئے ۔ تبادلہ خیال کا مقصد طلبا کو بہتر تعلیمی سہولیت بہم رکھنے کیلئے لازمی اقدامات کی نشاندہی اور عمل آوری تھا ۔ دوران میٹنگ بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی سے متعلق مختلف مشورے پیش کئے گئے تا کہ یونیورسٹی ملک کے معروف یونیورسٹیوں کی صف میں لائی جا سکے ۔ لفٹینٹ گورنر نے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں مختلف تدریسی پروگراموں اور بنیادی ڈھانچہ سہولیات کو ترقی دینے کیلئے مستقبل کے نکتہ نظر کو ملحوظ رکھنے پر زور دیا ۔ دریں اثنا معزز شہریوں نے نئے بھرتی قواعد و ضوابط لاگو کرنے کیلئے حکومت کو سراہا اور یو ٹی میں تعلیمی نظام کے فروغ کیلئے ایسے اصلاحات روبہ عمل لانے کا مشورہ دیا۔ لفٹینٹ گورنر نے متعلقین کو یقین دلایا کہ حکومت کے تعلیمی شعبے کی ترقی کے ایجنڈے میں اُن کی تجاویز اور مشوروں پر غور کیا جائے گا ۔ اس موقعہ پر سابق وزیر اور سابق ممبر پارلیمنٹ چودھری طالب حسین ، غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے بانی وائس چانسلر ڈاکٹر مسعود چودھری ، پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ پروفیسر مشرف حسین شاہ ، ڈاکٹر ایس ڈی شرما ، ڈاکٹر ایم زمان ، شوکت قاظمی ، پروفیسر تیجندر سنگھ اور پروفیسر شبیر شاہ موجود تھے ۔