جموں//پرنسپل سیکرٹری زرعی پیداوار نوین کمار چودھری نے اہداف کی صد فیصد حصولیابی پر زور دیا اور زیادہ سے زیادہ کسانوں کو کسان کریڈٹ کارڈ سکیم کے دائرے میں لا نے کیلئے سکیم کی موثر عمل آوری کی متعلقہ حکام کو ہدایت دی ۔ پرنسپل سیکرٹری محکمہ کے اعلیٰ افسران اور مختلف لیڈ بنکوں کے نمائندگان کے ساتھ کے سی سی سکیم سے متعلق معاملات پر غور و خوض کیلئے طلب کی گئی میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے ۔ انہوں نے کسانوں کو قرضہ جات کی فراہمی میں اضافہ پر بھی زور دیا ۔ کے سی سی سکیم کے مختلف پہلوں کا جائیزہ لیتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے یو ٹی ایل بی سی کے نمائندوں کو جموں کشمیر یونین ٹیر ٹری کے تمام لیڈ بنکوں کو سکیم کے تحت اہداف کی صد فیصد حصولیابی یقینی بنانے کیلئے ہدایت دینے کیلئے کہا ۔ انہوں نے بنکوں کو اہداف کا از سر نو تعین کرنے اور7 اگست 2020 تک گذشتہ مالی سال کے مقابلے میںڈھائی گنا زیادہ قرضہ کسانوں کو فراہم کرنے کیلئے کہا ۔پرنسپل سیکرٹری نے متعلقہ افسروں کو کسانوں کو پولٹری ، ماہی پالن اور دیگر متعلقہ شعبوں کی جانب راغب کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو کے سی سی سکیم کے تحت بروقت مالی امداد سے بوائی اور کٹائی کے اخراجات فراہم ہوتے ہیں ۔ انہوں نے لیڈ بنکوں کو زمینی سطح پر کے سی سی کے ثمرات کا جائیزہ لینے کیلئے فیلڈ دورے کرنے کی بھی ہدایت دی ۔