چنڈی گڑھ//پنجاب پولیس نے پٹھان کوٹ میں جموں و کشمیر کے دو نوجوانوں کو گرفتار کر کے انہیں جنگجو قرار دیکر اسلحہ کی اسمگلنگ کی سازش بے نقاب کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کے مطابق عامر حسین وانی (26) اور وسیم حسن وانی (27) کے پاس سے دس ہتھ گولے، ایک اے کے۔47 رائفل، دو میگزین اور 60 کارتوس برآمد کئے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق یہ دونوں پنجاب سے کشمیر وادی میں ہتھیاروں کی اسمگلنگ کرنے کی کوشش میں امرتسرجموں ہائی وے پر ایک ناکے پر ایک ٹرک روکنے پر پکڑے گئے۔پولیس کے مطابق پوچھ گچھ میں ملزموں نے بتایا کہ انھیں جموں و کشمیر پولیس میں کانسٹیبل رہ چکے اشفاق احمد عرف بشیر احمد خان سے یہ ہدایت ملی تھی کہ پنجاب سے ہتھیار لے کر وادی پہنچانے ہیں۔ڈار لشکر طیبہ کا فعال رکن ہے اور 2017 میں فرار ہو گیا تھا۔دونوں نے بتایا کہ انہوں نے ہتھیار امرتسر کے مقبول پورہ۔ وَلَّا راستے سے دو نامعلوم افراد سے آج علیٰ الصباح ہی لیے تھے اور اس ٹرک میں چھپایا جو دکھاوے کے لیے وہ امرتسر کی منڈی سے سبزیاں اور پھل خریدنے کے لیے لائے تھے۔پولیس نے بتایا کہ عامر حسین وانی نے قبول کیا ہے کہ اس سے قبل وہ پنجاب سے 20 لاکھ روپے ’حوالہ رقم‘ لے گیا تھا اور ایک بار وہ دو مسلح جنگجوئوں کو پنجاب سے وادی لے گیا تھا۔پولیس نے ملزموںکے خلاف اسلحہ قانون اور غیر قانونی سرگرمی قانون (یو اے پی اے) کی مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔پولیس ڈائریکٹر جنرل دنکر گپتا کے مطابق عامر اور وسیم کی گرفتاری سے اس خفیہ اطلاع کی تصدیق ہوئی کہ پاکستان کی آئی ایس آئی دہشت گردانہ سرگمیوں کو فروغ دینے کے لیے سرحد پار سے کشمیر کے لیے ہتھیار بھیج رہی ہے۔ 25 اپریل کو پنجاب پولیس نے ہلال احمد وگے کو گرفتار کیا تھا جو امرتسر سے ’ڈرگ منی‘ لینے آیا تھا۔ ہلال بھی پیسے لے جانے کے لیے ٹرک کا ہی استعمال کر رہا تھا۔