نئی دہلی//کووڈ۔19 وبا کے دوران مئی میں ڈیلرشپ کھلنے کے باوجود ملک میں گاڑیوں کی خردہ فروخت محض دو لاکھ دوہزار 697 یونٹ ہی ہوئیں جن میں 8,317 ٹریکٖٹر بھی شامل ہے ۔آٹوموبائل ڈیلروں کی تنظیموں کے فیڈریشن (فاڈا) نے آج مئی میں فروخت کے اعدادوشمار جاری کئے ۔ اس نے بتایا کہ اپریل میں مکمل بند کی وجہ سے گاڑیوں کی خردہ فروخت صفر رہنے کے بعد لاک ڈاؤن میں چھوٹ ملنے سے مئی کا مہینہ ختم ہوتے ہوتے 26,500 آؤٹ لیٹوں میں سے 60 فیصد شوروم اور 80 فیصد ورک شاپ کھل چکے تھے ۔ اس کے باوجود فروخت 88.87فیصد کم ہوکر 2,02,697 یونٹ رہ گئی۔ گزشتہ برس مئی میں ملک میں 18,21,650 گاڑیاں فروخت ہوئیں تھیں۔فاڈا کے صدر اشیش ہنس راج کالے نے بتایا کہ مئی کی فروخت کی بنیاد پر طلب کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا ہے ، کیونکہ ملک کے کئی مقامات میں اب بھی لاک ڈاؤن ہے ۔ جون کے پہلے دس دنوں تک زیادہ تر ڈیلرشپ کھل چکے تھے ۔ اس کے باوجود طلب بے حد کم ہے ۔ بالخصوص شہری علاقوں میں صارفین کی جانب سے طلب میں کمی ہے ۔