جنیوا/بیجنگ/خوفناک اور جان لیوا عالمی وبا کورونا وائرس‘کووڈ۔19کا رکنے کا نام نہیں رہاہے اور دنیا بھر میں اس سے اب تک ایک کروڑ چھیالیس لاکھ سے زائد افراد متاثر اور چھ لاکھ سے زائد لوگوں کی موت ہوچکی ہے ۔دنیا بھر میں کورونا وائرس کووڈ۔19سے متاثر ہونیوالے افراد کا نیا ریکارڈ بن گیا۔ عالمی ادارہ صحت نے بتایا ہے کہ ایک ہی دن میں دنیا میں 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آئے ہیں،جن میں سب سے زیادہ متاثرین امریکہ، ہندوستان ، برازیل، اور جنوبی افریقہ سے سامنے آئے ۔اس سے پہلے کا یومیہ ریکارڈ جمعہ کو قائم ہوا تھا جب2 لاکھ 37 ہزار 743 متاثرین سامنے آئے تھے ۔اسی طرح دنیا بھر میں ایک ہی روزمیں ہلاکتوں کی تعداد 7 ہزار 360 رہی جو کہ 10 مئی سے اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے ۔ امریکہ میں حکام کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعدادڈیڑھ لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے ۔ حکام نے بتایا کہ 50 میں سے 43 ریاستوں میں اس وبا میں شدت دیکھی جا رہی ہے ۔ایک اندازے کے مطابق امریکہ میں ایک ہفتہ کے دوران اوسطاً پانچ ہزار افراد اس وائرس کی وجہ سے موت کے منہ میں جا رہے ہیں۔دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 کروڑ 46لاکھ 45ہزار 949تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 6 لاکھ 8ہزار 942ہو گئیں۔کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 53لاکھ 54مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیر علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 60 ہزار 73 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 87لاکھ 36ہزار 953مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔امریکہ تادم تحریر کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔امریکہ میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 43ہزار 289افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 38 لاکھ 98ہزار 550ہو چکی ہے ۔کورونا وائرس کے امریکہ میں 19 لاکھ 52ہزار 923مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 16 ہزار 552کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 18لاکھ 2ہزار 338 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالہ سے ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں یہ وائرس 79ہزار 533زندگیاں نگل چکا ہے جبکہ کورونا مریضوں کی تعداد 20 لاکھ 99ہزار 896تک جا پہنچی ہے ۔جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کی وباء سے مجموعی اموات 5ہزار 33ہو چکی ہیں، جہاں اس وائرس کے اب تک کل کیسز 3 لاکھ 64ہزار 328رپورٹ ہوئے ہیں۔پیرو میں کورونا کے باعث 13ہزار187ہلاکتیں اب تک ہو چکی ہیں جبکہ یہاں کورونا کیسز 3 لاکھ 53ہزار 590رپورٹ ہوئے ہیں۔میکسیکو میں کورونا وائرس سے کل اموات کی تعداد 39ہزار 184ہو گئی جبکہ کورونا کے کیسز 3 لاکھ 44ہزار 224ہو گئے ۔چلی میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 8 ہزار 503ہو گئی جبکہ کورونا کے کل کیسز 3 لاکھ 30ہزار 930ہو گئے ۔اسپین میں کورونا وائرس کی وبا سے اموات 28 ہزار 420 ہو گئیں جبکہ اب تک اس کے 3 لاکھ 7 ہزار 335 مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں۔برطانیہ میں کورونا سے اموات کی تعداد 45 ہزار 300ہوگئی ۔(یواین آئی )