الجیئر//عید میلاد النبی کے پر مسرت موقع پر الجیریا میں جامع الجزائر کا افتتاح کردیا گیا ہے جو دنیا کی تیسری اور افریقا کی سب سے بڑی مسجد ہے۔الجیریا کے دارالحکومت میں پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت با سعادت کے موقع پر سوا ارب ڈالر کی لاگت سے تیار اور 70 ایکڑ کے رقبے پر پھیلی ہوئی ’جامع الجزائر‘ کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ جہاں ایک وقت میں ایک لاکھ 20 ہزار افراد کے نماز ادا کرنے کی گنجائش ہے۔اس مسجد کی خاص بات 43 منزلہ اور 267 میٹر بلند خوبصورت اور روشن مینار ہے جسے دارالحکومت کے چاروں اطراف سے دیکھا جا سکتا ہے۔ نیلے رنگ کے سنگ مر مر اور خاص قسم کی لکڑی کے امتزاج نے مسجد کے اندورنی حصے کو خوبصورت بنا دیا ہے جب کہ قالین پر دلکش پھولوں کے ڈیزائن نے چار چند لگا دیئے ہیں۔