مینڈھر// بالاکوٹ کی سرحد پر واقع گورنمنٹ مڈل سکول بھروٹ بالاکوٹ میں تعمیر کی جارہی عمارت پرغیر معیاری سامان استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مقامی لوگوںنے اس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔لوگوں کاکہنا تھا کہ دوسال قبل سرحد پر واقع مڈل سکول کیلئے نئی عمارت کا کام شروع ہواتھا تاکہ سکول کا درجہ بڑھاکر اس کو ہائی سکول کیا جاسکے کیوں کہ سرکارنے دوسال قبل سرحد پر بسنے والے لوگوں کے بچوں کو سہولیات دینے کیلئے گورنمنٹ مڈل سکول بھروٹ کو ہائی سکول کا درجہ دیا تھا لیکن عمارت نہ ہونے کی وجہ سے نویں اوردسویں کی کلاس نہیں لگائی گئی ۔علاقہ کے لوگوں نے محکمہ تعلیم کے اعلی آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سمگرا سکیم کے تحت سکول کی عمارت کا کام آیا تھا لیکن متعلقہ ایجنسی نے دو سال میں صرف وہاں پر پیلر کھڑے کئے انکا کہنا تھا کہ اس وقت تک جتنا بھی کا م ہواہے وہ غیر معیاری ہے اور اس میں غیر معیاری سامان استعمال ہورہاہے۔ انکا کہنا تھا کہ یہ سرحدی علاقہ ہے جہاں پر رک رک کر فائرنگ کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور ایک بچوں کے سکول میں اگر غیر معیاری سامان استعمال ہورہاہے تو اس کا ذمہ دارکو ن ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اگر اس قسم کا سامان عمارت کے اندر استعمال ہوا تو یہ عمارت دھماکے سے گرجائے گی اور کسی بھی وقت جانی نقصان ہو سکتاہے۔ انکا کہنا تھا کہ متعلقہ محکمہ کے آفیسران عمارت کو چیک کریں اور جو بھی ملازمین یا متعلقہ ایجنسی کے ان لوگوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے جو لوگ عمارت بنوانے میں ملوث ہیں۔اس سلسلہ میں جب انچارج زیڈ ای او بالاکوٹ سے رابطہ کیا گیا تو انکا کہنا تھا کہ میں موقعہ پر جاکر عمارت کو چیک کروں گا اور اگر مجھے غیر معیاری سامان ملاتو میں اس پر کاراوئی کروں گا۔