نوشہرہ+پونچھ// راجوری ضلع کے نوشہرہ سب ڈویژن میں لائن آف کنٹرول پر واقع سہر گاؤں میں رونما ہونے والے پراسرار دھماکے میں ایک نوعمر بھائی بہن زخمی ہوئے۔ جمعرات کی شام 7 بجے کے قریب یہ واقعہ پیش آیا اور دونوں کو جموں بھیج دیا گیا ۔ حکام نے بتایا کہ13سال کا روہت چوھرری ولد پورن چند اور اس کی 19 سالہ بہن آرتی چودھری کو متعدد چوٹوں کے ساتھ سب ضلع اسپتال نوشہرہ لایا گیا تھا۔ دونوں کو نوشہرہ کے سب ضلع اسپتال میں طبی امداد دی گئی اور گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں ریفر کیاگیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ ، سکھدیو سنگھ سمبیئل نے بتایا کہ دونوں کے زخمی ہونے کی قطعی وجہ پوری طرح سے واضح نہیں ہے لیکن زخمیوں کے اہل خانہ نے بتایا کہ بارودی سرنگ کے باعث دھماکہ ہوا۔ ادھرجموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے سرحدی علاقہ شاہپور، کیرنی اورقصبہ میں حدِ متارکہ پر پاکستان فوج کی جانب سے فائرنگ میں ایک شخص زخمی ہوا۔جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات ساڑھے چھ بجے کے قریب پاکستانی فوج کی جانب سے ہند فوج کی چوکیوں اور رہائشی علاقوں کو شاہپور ، دیگوار، قصبہ سیکٹر میں نشانہ بناتے ہوئے گولہ باری کی گئی جس کے بعد بھارتی فوج نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کی۔ فائرنگ کے دوران پونچھ کے علاقہ شاہپور سے تعلق رکھنے والے اخلاق احمد ولد محمد فاروق کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ زخمی شخص کو علاج و معالجے کیلئے پونچھ ہسپتال میں داخل کیا گیا۔