۔4پنچایتوں پر مشتمل گوہلد علاقہ میں کوئی طبی مرکز نہیں
جاوید اقبال
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کے بلاک مینڈھر کے اپر گوہلد علاقہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے محکمہ صحت کے اعلی آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 4بڑی پنچائتوں کے اندر اس وقت تک کوئی بھی سب سینٹر نہیں کھولاگیا جسکی وجہ سے ایک انجیکشن یا پٹی کروانے کیلئے لوگوں کو ایک دن ضائع کرنا پڑتاہے انکا کہنا تھا کہ سب سینٹر کو لیکر ہم نے متعلقہ محکمہ کے ہر آفیسران و ضلع انتظامیہ کے اعلی آفیسران کے دروازوں پر کئی بار دستک دی لیکن اس وقت تک ہمیں سب سینٹر نہیں دیا گیا ۔اس سلسلہ میں علاقہ سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن ذاکر حسین شاہ نے بات کرتے ہوئے کہا کہ سب سینٹر ہمارے علاقے میں نہ دینا لوگوں کے ساتھ سراسر نا انصافی ہے ۔انکا کہنا تھا کہ ایک انجیکشین لگوانے کے لئے ہمیں یا تو فوج میں جانا پڑتاہے یا پھر ایک دن ضائع کرکے مینڈھر قصبہ میں جانا پڑتاہے ۔انکا کہنا تھا کہ علاقہ کے اندر 4پنچائتیں ہیں جو بڑی آبادی پر مشتمل ہیں اور ہم لوگ سرحد پر رہتے ہیں اور اگر سرحدی لوگوں کیلئے سہولیات دستیاب نہیں ہیں تو پھر عام لوگوں کی کیا حالت ہوگی۔ انکا کہنا تھا کہ علاقہ کے اندر فوری طور بنیادی سہولیات دستیاب کرکے ایک سب سینٹر دیا جائے کیوں کہ ہمارے بچوں کو پڑھائی کیلئے بھی کئی کلومیٹر دور جانا پڑتاہے کیوں کہ اپر گوہلد علاقہ میں اس وقت تک کوئی بھی ہائی اسکول نہیں ہے جبکہ علاقہ کے اندر پانی و بجلی سڑکوں کی بھی خستہ حالت ہے لہٰذا فوری طور لوگوں کو سہولیات میسر کی جائیں ۔
مینڈھر میںبھی پلس پولیو مہم چلائی گئی
جاوید اقبال
مینڈھر//پلس پولیو مہم کے تحت اتوار کے روز سارے بھارت کے ساتھ ساتھ مینڈھر میں بھی پلس پولیو کی دو بوند بچوں کو پلائی گئیں۔ پلس پولیومہم کا آغاز ایس ڈی ایم مینڈھر ڈاکٹرساہل جنڈیا ل نے بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر ڈاکر پرویز احمد خان اور سٹاف ممبران کی مو جو دگی میں کیا اور کئی بچوں کو بوندیں پلائیں۔ اس دوران بی ایم او مینڈھر نے بات کرتے ہوئے کہا کہ مینڈھر کی کل آبادی 1 17132کے لگ بھگ ہے اور 0سے 5سال کے بچوں کی تعدا 23985کے لگ بھگ ہے جن کیلئے ہم نے 120پلس پولیو بوتھ بنائے ہیں جبکہ تین ایمرجنسی بوتھ بھمبر گلی ،سنگالہ چوک ،اور بس اڈہ پر بھی بنائے ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ اتوار کے روز پلس پولیو بوتھوں پر بچوں کو ڈراپ دئے گئے جبکہ اگلے دو دن ہماری ٹیمیں گھر گھر جائیں گی تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو بوندوں کے بغیر نہ رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ 480ورکر ڈیوٹی پر لگائے ہیں جبکہ ان کو چیک کرنے کیلئے 24سپروائزر بھی لگائے ہوئے ہیں جبکہ سرحدی علاقہ کو دیکھتے ہوئے 21پولیو بوتھ سرحدی علاقہ میں بھی بنائے ہیں تاکہ سرحد پر بسنے والے لوگوں کو فائرنگ اور گولہ باری کی صورت میں کسی پریشانی کا سامنا کرنا نہ پڑے۔
پونچھ قصبہ میںجگہ جگہ گندگی کے ڈھیر | تعفن اٹھنے سے شہری شدید اذیت کا شکار
حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ کے صدر مقام پر حکومت کی صفائی مہم کا کوئی اثر نہیں دکھتا، پونچھ قصبہ میں کچرے کے ڈھیرصاف نہ ہوسکے ، مقامی لوگوں نے یونسپل کونسل کو تنقید کا نشانہ بنایا۔شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہیں ،تعفن اٹھنے سے شہری شدید اذیت کا شکار ہیں۔پونچھ شہر میں صفائی کی ذمے داری میونسپل کونسل کودی گئی لیکن شہر میں مختلف مقامات پر گندگی کے ڈھیر لگے رہتے ہیں ۔ موثر صفائی نہ ہونے پر مقامی لوگ سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کا کر رہے ہیں۔تاہم چند علاقوں میں موثر صفائی کی گئی اور نالے صاف کیے گئے مگر محلہ سرائی اور محلہ بچتر نگر پونچھ کے دو اہم چوکوں پر لوگ گھروں کو کچرا مخصوص مقامات پر پھینک جاتے ہیں جسے کئی کئی روز تک نہیں اٹھایا جاتا۔اس سلسلہ میں نجم الحس جعفری نامی ایک شہری نے بتایا کہ سرکاری افسران سے جواب طلب نہیں کیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں سوچ بھارت ابھیان اسکیم کے تحت کروڑوں روپئے واگزار ہو رہے ہیں ، لیکن مہم کے حوالے سرگرمیاں نظر نہیں ائیں۔انہوں نے کہا کہ محلہ بچترنگر میں مسجد اہلبیت کے سامنے اور سرائی محلہ چوک میں ایک مقام پر ہمیشہ گندگی کے ڈھیر لگے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا اس کے علاوہ بھی شہر جگہ جگہ جمع گندگی اور سٹرکوں پر موجودکوڑے، کچرے کے ڈھیر وں سے تعفن اٹھنے سے شہری شدید اذیت کا شکار ہیں جو حکومت کی صفائی مہم کا مذاق اڑا رہے ہیں۔انہوں نے محکمہ میونسپل کونسل کے اعلیٰ افسران سے شہر میں لگے گندگی کے ڈھیروں کو ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے شہر میں صفائی کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔
غیر سرکاری تنظیم نے سماجی کارکنان کی حوصلہ افزائی کی
حسین محتشم
پونچھ//غیر سرکاری تنظیم امید سوشل ،ایجوکیشن ٹرسٹ کی جانب سے مومن پیلس پونچھ میں ایک تقریب منعقد کی جس کی صدارت ٹرسٹ کے نائب صدر معروف کرمانی نے کی۔ تقریب کے دوران ٹرسٹ کی جانب سے زمینی سطح پر عوامی خدمات انجام دینے والے سماجی کارکنان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ تقریب کے آغاز یں جنرل سکریٹری نیاز کرمانی نے ٹرسٹ کی ایک سالہ کار کردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس تقریب میں موجود ضلع پونچھ کی معزز حستیوں کے تعاون سے لاکھوں روپئے کی امداد مستحق کنبوں تک پہنچائی گئی۔انہوں نے بتایا ایک شخص جو ایک حادثہ میں زخمی ہو گئے تھے ان کو علاج معالجہ کے لئے 12 لاکھ روپئے ٹرسٹ کی جانب سے فراہم کئے۔ اس تقریب کے دوران مولوی فرید، ہارون راٹھور،اسد نمانی، مولوی وحید احمد بانڈے، نجم جعفری، نسرت شاہ، پروفیسر سرفراز میر کے علاوہ علاوہ مختلف تنظیموں کے سربراہان معزز شہری موجد تھے۔تقریب کے دون پونچھ کی مختلف غیر سرکاری تنظیموں کے صدور کو ٹرسٹ کی جانب سے عزت افزائی کی گئی اور کو اسناد دی گئی ۔ تقریب کے اختتام پر ٹرسٹ کے چئیرمین ارشاد کرمانی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
پونچھ میں تین روزہ پلس پولیو مہم کا آغاز
حسین محتشم
پونچھ // ضلعی ترقیاتی کمشنر پونچھ ، راہول یادو نے اتوار کے روز ضلع میں تین روزہ پلس پولیو مہم کا آغاز کیا۔ واضح رہے ضلع میں 81385 پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کی بونیدیںپلائی جائیں گی۔اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے چیف میڈیکل آفیسر نے بتایا کہ ضلع میں 426 ویکسی نیشن بوتھ تشکیل دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا 1708 کارکنان کو ان قائم کردہ بوتھوں پر تعینات کیا گیا ہے اس کے علاوہ 85 کور سپروائز تعینات کئے گئے ہیں تاکہ اس مہم کی کامیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔ نہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام ہسپتالوں ،دیہی علاقہ جات کے صحت مراکز کے علاوہ آنگواڑی سنٹرز میں بھی ویکسین دستیاب کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جس بچے کی ویکسین ہو گی اس بچے کی انگلی پر ایک چھوٹا سا نشان بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ پہلے دن بوتھ کی سطح پر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے اور دوسرے اور تیسرے دن ضلع کے رہ جانے والے بچوں کو گھر گھر گھر جا کر ویکسینیشن کی جائے گی۔ ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ پونچھ ضلع کو پولیو کے خطرے کے خاتمے کے علاوہ بچوں کو اپاہج بیماری سے بچانے کے لئے ٹھوس کوششیں کررہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ پروگرام ضلع کے تمام علاقوں میں منعقد کیا جائے گا اور محکمہ صحت سے متعلقہ افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ ایک مشن موڈ میں کام کریں اور جوش و جذبے کے ساتھ 100 فیصد کوریج کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ انفیکشن کے خطرے سے بچنے کے لئے پروگرام سے متعلق مختلف سرگرمیاں کرتے ہوئے تمامکورنا وائرس سے بچائو کے لئے تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے۔اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سیدمشتاق حسین جعفری، ڈاکٹردیش راج چنگوترا ، ہیلتھ انسپکٹر انجلی شرما ، ڈاکٹر رویندر سنگھ کے علاوہ دیگر عملہ موجود رہا۔
کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کنڈی میں پلس پولیو مہم
کوٹرنکہ// کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کنڈی میں پلس پولیو مہم کا افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ سریندر کمار نے کیا ۔بلاک میڈیکل آفیسر کوٹرنکہ ڈاکٹر اقبال ملک نے بتایا کہ پلس پولیو کے 128 بوتھ اور 498 ملازمین بشمول رضاکاروں ، این جی اوز کے ممبران ، گورنمنٹ اساتذہ ،آنگن واڑی ورکراور ASHAs ورکروں کو کام پر لگایاگیاتھا۔ بی ایم او نے بتایا کہ یہ تین روزہ پروگرام ہے جہاں پہلے دن بوتھ سے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے اور پھر اگلے دو دن تک ٹیمیں انتہائی دور دراز کے علاقے میں بھی ہر ایک کے گھر جائیں گی اور پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔
جموں وکشمیر میںگورنر راج منتخب حکومت کامتبادل نہیں: میر
ہیرا نگر//سینئر نائب صدر اپنی پارٹی غلام حسن میر نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر راج منتخب حکومت کا متبادل نہیں ہوسکتا۔غلام حسن میر نے کٹھوعہ ضلع کے ہیرا نگر میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا "ہم سمجھتے ہیں کہ لیفٹیننٹ گورنر راج منتخب حکومت کا متبادل نہیں ہوسکتا ہے اور جموں وکشمیر میں جلد سے جلد انتخابات ہونے چاہئیں" ۔اس میٹنگ کا اہتمام سابق ایم ایل اے پریم لال نے کیا تھا۔انہوں نے کہا "جموں وکشمیر کے عوام سابق ریاست کو ایک خطے کی ریاست میں گرانے سے محروم ہو رہے ہیں۔ یہ قواعد براہ راست دہلی سے بغیر کسی مشورے کے وضع کیے جارہے ہیں اور اس سے جموں و کشمیر کے لوگوں کو پریشان کیا جارہا ہے۔میر نے کہا کہ "اپنی پارٹی کا مطالبہ ہے کہ ریاست کو بحال کیا جائے اور جموں وکشمیر میں انتخابات ہونے چاہیں کیونکہ لوگ عدم توجہی اور عہدیداروں کے بیوروکریٹک رویے کی وجہ سے پریشانی کا شکار ہیں۔"جنرل سکریٹری ، اپنی پارٹی ، وکرم ملہوترا نے کہا کہ کنڈی کے علاقہ مکینوں کو آر بی اے کا درجہ دیا جانا چاہئے
نابالغ لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی
جاوید اقبال
مینڈھر//آٹھ سال کی نابالغ لڑکی کے ساتھ ایک نوعمر لڑکے نے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا اور پولیس نے تھانہ میندھر میں مقدمہ درج کرلیا۔عہدیداروں نے بتایا کہ مینڈھر کے گاؤں کوران کی ایک خاتون نے تھانہ میندھر میں شکایت درج کروائی ہے کہ اس کی نابالغ بیٹی کی عمر آٹھ سے نو سال کے درمیان ہے جس کا الزام ایک مقامی نوعمر لڑکے نے عائد کیا ہے۔شکایت کے بعد ، عہدیداروں نے بتایا ، ایف او ایس 27/2021 میں پی او سی ایس او ایکٹ سمیت قانون کے متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ میندھر تھانے میں درج کیا گیا ہے۔
پانی کے تنازعہ پر جھڑپ میں5 افراد زخمی
مینڈھر//ضلع پونچھ کے مینڈھر سب ڈویژن کے گاؤں کوٹن میں پانی کے وسائل سے متعلق تنازعہ پر ہونے والی جھگڑے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے عہدیداروں نے بتایا کہ اتوار کی شام جھگڑا ہوا اور تمام زخمیوں کو سب ڈسٹرکٹ اسپتال مینڈھر لایا گیا۔عہدیداروں نے بتایا کہ کوتن کے دو خاندان آبی وسائل کے تنازعہ پر تنازعہ میں مبتلا ہوگئے اور ایک دوسرے کے ساتھ ٹکراؤ اوردھینگا مشتی کی ۔ پانچ شخص جھگڑے میں زخمی ہوئے جنھیں مینڈھر سب ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔حکام نے مزید کہا کہ زخمیوں میں سے چار کو خصوصی علاج کے لئے جموں کے میڈیکل کالج ریفر کردیا گیا ہے۔زخمیوں کی شناخت بشیر احمد میر ، محمد ابراہیم ، محمد اسلم ، منظور حسین اور محمد فرید کے نام سے ہوئی ہے۔