جموں//بھارتی فضائیہ نے جموں ائر پورٹ رن وے کی ضروری مرمت کے لئے اسے15 دنوں کیلئے مکمل بند کرنے کی تجویز سے متعلق سابق حکم نامہ واپس لے لیا ہے۔ تاہم جموں ایئر پورٹ پر آنے اور جانے والی پروازوں کا وقت 10 مارچ سے41 دنوں کیلئے 7 گھنٹوں تک محدود کیا گیا ہے۔ مرکزی وزارت دفاع کی ہدایت کے بعد جمعہ کے روز ایک اجلاس میں ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا (اے اے آئی) کے مشورے سے بھارتی فضائیہ نے اس فیصلے کا جائزہ لیا اور اسے واپس لیا۔ایک روز قبل سیکریٹری دفاع اجے کمار نے نئی دہلی میں بھارتی فضائیہ اور ائر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کی تھی اور انھیں صلاح دی تھی کہ شہری ٹریفک کے لئے ہوائی اڈے کی بندش سے بچنے کیلئے کوئی راستہ تلاش کریں۔سرکاری عہدیداروں نے بتایا کہ جموں ہوائی اڈے کو 6 مارچ سے20 مارچ تک مکمل طور پر بند کرنے کے حکم نامے کو واپس لے لیا گیا ہے۔ تاہم 10 مارچ سے19 اپریل تک ہوائی اڈے پر فلائٹ آپریشن روزانہ 7 گھنٹے تک محدود رہے گا۔عہدیداروں نے بتایا کہ جموں ایئرپورٹ صبح 6 بجے سے دوپہر1 بجے تک پروازوں کیلئے دستیاب ہوگا۔ائر پورٹ سے بعد دوپہر 12بجکر 50منٹ پر آخری پرواز روانہ ہوگی۔ ہوائی اڈے پر فلائٹ آپریشن 20 اپریل سے معمول کے مطابق شروع ہوگا۔