گول //سب ڈویژن گول میں کئی روز سے بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے جس کے نتیجے میں لوگ کافی پریشان ہیں ۔ گول میں قائم ریسونگ اسٹیشن پر ریلوے کی جانب سے نصب کیا گیا ٹرانسفارمر ناکارہ ہوا ہے اس سے بھی بجلی کی کٹوتی ہوئی ہے ۔ گول سب ڈویژن کے صدر مقام پر قائم ریسونگ اسٹیشن سے گول، کلی مستا ، داچھن ، ڈھیڈہ وغیرہ علاقوں کو بجلی جاتی ہے جبکہ داڑم میں قائم ریلوے کمپنی کو بھی یہ بجلی سپلائی کی جاتی ہے ۔ گول میں کئی روز سے لگا تار بجلی کی آنکھ مچولی سے جہاں بازار میں پیشہ ورانہ طبقہ کافی پریشان ہے،وہیں یہاں آنے والے لوگ بھی کافی مشکلات سے دوچار ہیں کیونکہ جہاں فوٹو سٹیٹ و دوسرے کام لوگوں کو کرنے ہوتے ہیں وہیں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو کئی دنوں کا انتظار کرنا پڑتا ہے، جہاں ایک یا دو گھنٹے کام کو لگتے ہیں وہیں دن بھی لگ جاتا ہے اور یہ معلوم نہیں ہوتا کہ بجلی کب آئے گی اور کب جائے گی ۔ بجلی کا کوئی شیڈول نہیں ہے جبکہ صبح اور شام علاقوں میں بجلی کی ضرورت ہوتی ہے لیکن یہاں بھی صبح شام کو بجلی کی شدید کٹوتی ہوتی ہے ۔ مقامی لوگوںنے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ عوام کو بناءخلل کے بجلی سپلائی بحال کی جائے تا کہ لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا نا کرنا پڑے ۔