کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ جات میں تعلیمی معیار کو بہتر کرنے کی غرض سے چیف ایجوکیشن افسر کشتواڑ نے علاقہ دچھن کا دورہ کرکے مختلف سکولوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے علاقہ کے مختلف سکولوں کے کام کاج کا جائزہ لیا ۔اس کے علاوہ ان سکولوں میں انفراسٹرکچر اور عملے کی حیثیت کا بھی معائینہ کیاگیا۔اپنے 2 دن کے دورے کے دوران انہوں نے علاقے کے اساتذہ سے بھی بات چیت کی ، جنھوں نے ان کے سامنے مختلف مطالبات پر روشنی ڈالی۔ اساتذہ کے وفد نے مختلف امور پر روشنی ڈالی جن میں بروقت ترقی ، زون مڑواہ سے الگ زون دچھن کی علیحدگی ، دچھن میں وی سیٹ سہولت کی تنصیب تاکہ طلبہ اور اساتذہ کی پریشانی کا مسئلہ آن لائن رجسٹریشن اور ڈیٹا بیس کی تازہ کاری حل ہوسکے۔ وفد نے ہایر سکینڈری سکول دچھن ، ایچ ایس ایس سونندر ، ہائی سکول ڈنگڈورو اور ایچ ایس کیاڈ میں خالی اسامیوں کو پْر کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ چیف ایجوکیشن افسر کشتواڑ نے وفد کے مطالبات اور مسائل کو سنا اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل کا فوری حل مقررہ وقت کے اندر کیا جائے گا ۔دچھن کے اساتذہ کے ساتھ منعقدہ ایک میٹنگ میں انہوں نے تعلیمی اداروں کے سربراہان کو مزید ہدایت کی کہ وہ اپنے تعلیمی اداروں میں اٹیچ منٹ کو ختم کرکے موجودہ تعلیمی سیشن میں سکولوں میں اساتذہ کی پابندی کو یقینی بنائیں ۔