نئی دہلی// بھارتیہ جنتا پارٹی نے آسام،مغربی بنگال،کیرالہ اور تمل ناڈو اسمبلی انتخابات کیلئے آج اپنے کل 209 امیدواروں کی فہرست جاری کی۔پارٹی نے کیرالہ میں بزرگ میٹرو مین ای شری دھن ،سابق مرکزی وزیر اور رکن پارلیمنٹ کے الفانس اور رکن پارلیمنٹ سریش گوپی،مغربی بنگال میں مشہور ماہر اقتصادیات اشوک لاہڑی،مرکزی وزیر مملکت بابل سپریو،رکن پارلیمنٹ لاکٹ چیٹرجی اور سوپن داس گپتا اور تمل ناڈو سے اداکارہ خوشبو سندر کو اتارکر اسمبلی انتخابات کوہائی پروفائل بنانے کی کوشش کی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی موجودگی میں بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈا کی صدارت میں پارٹی کی مرکزی الیکشن کمیٹی کی آج یہاں ہوئی میٹنگ میں ان ناموں کو منظوری دی گئی۔ میٹنگ میں مرکزی وزیر راج ناتھ سنگھ، امت شاہ، نیتن گڈکری،تھاورچند گہلوت ،بی جیپی کے پارٹی جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش سمیت سبھی اراکین نے حصہ لیا۔ مرکزی الیکشن کمیٹی کی میٹنگ کے بعد پارٹی جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے پریس کانفرنس میں چاروں فہرست جاری کیں۔آسام اور تمل ناڈو کیلئے17-17 ،کیرالہ کیلئے 112 اور مغربی بنگال کیلئے 63 امیدواروں کا اعلان کیا گیا۔ بی جیپی نے آسام کے پانچ اور کیرالہ میں دو مسلم امیدوار اتارے ہیں۔ آسام میں دو،مغربی بنگال میں سات،کیرالہ میں11 اور تمل ناڈو میں تین خواتین کو امیدوار بنایا گیا ہے۔بی جے پی نے کیرالہ میں ای شری دھرن کو پالکاڑ،سابق گورنر کے راج شیکھرن کو نیمم سے،سابق مرکزی وزیر اور رکن پارلیمنٹ کے الفانس کو کانجی راپلی سے اور رکن پارلیمنٹ سریش گوپی کو تریشور سے اور انڈین پولیس سروس کے سابق افسر جیکب تھامس کو ارینجالاکڈا سے،مغربی بنگال میں مشہور ماہر اقتصادیات اشوک لاہڑی کو علی پور دوار سے،مرکزی وزیر مملکت بابل سپریو کو ٹالی گنج سے،رکن پارلیمنٹ لاکٹ چیٹرجی کو چنچرا سے،نشیتھ پرمانک کو دنہاتا سے اور سوپن داس گپتا کو تارکیشور سے اور کینسر کے ماہر ڈاکٹر اندرنیل خان کو قصبہ سے اور تمل ناڈو سے ،اداکارہ خوشبو سندر کو تھاؤسینڈ لائٹس سیٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔یواین آئی