بارہمولہ // حاجی بل بارہ مولہ میں بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے آبادی کوسخت مشکلات درپیش ہیں۔قدرتی حسن سے مالامال قصبہ بارہ مولہ سے چودہ کلومیٹر دورحاجی بل میںاس وقت بھی کئی انچ برف موجود ہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق اگر چہ وزیراعظم دیہی سڑک اسکیم(پی ایم جی ایس وائی) کے تحت 16 سال قبل اس علاقے میں پہلی بار سڑک رابطہ تعمیر کیاگیا تھا،جو اب کافی خستہ حال ہوچکی ہے اور امسال کی بھاری برف باری سے نہ صرف اس سڑک پر بڑے بڑے گھڑے بن گئے ہیں بلکہ اس سڑک کی حفاظتی دیواریںبھی گر گئی ہیں۔اس اہم سڑک پرکئی مقامات پر پسیاں گر آئی ہیں اور کئی جگہوں پرسڑک دھنس گئی ہے جس کے نتیجے میں مسافروں اورڈرائیورں کو زبردست مشکلات کا سامنا ہے اور ہمیشہ حادثوں کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔ مقا می لوگوں نے بتایا کہ حاجی بل گائو ں جو ایک بلندپہاڑ ی پر آباد ہے،کا باقی دنیا سے کوئی رابطہ نہیں تھا تاہم16 سال قبل جب پی ایم جی ایس وائی کے تحت ایک سڑک کی تعمیر ہوئی تو لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی لیکن آج تک اس واحد سڑک کی کبھی بھی مرمت نہیں کی گئی ۔انہوں نے مزید بتایا کہ لوگ اس سڑک پر چلنے سے اب کافی ڈر محسوس کرتے ہیں جس کی وجہ سے بیمار اور طلاب پیدل سفر کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں اور یہ پیدل سفر گھنے جنگل اورپہاڑیوں کے بیچ کرنا پڑتا ہے جس دورن جنگلی جانو روں کے حملے کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔ لوگو ں کے مطابق علاقے میںبجلی کے کھمبے بھی بوسیدہ ہوچکے اور حالیہ بارشوں اور برف باری کی وجہ ترسیلی لاینیں بھی گر گئی ہیں تاہم ابھی تک اُن کی مرمت نہیں کی گئی ، جس کے نتیجے میں علاقہ گزشتہ ایک ہفتے سے برقی رو سے محروم ہے۔ لوگوں کے مطابق علاقہ پینے کے صاف پانی سے بھی محروم ہیں اور یہاں کی خواتین کو کئی میل دور مسافت طے کرکے ندی نالوں کا گندہ پانی حاصل کرنے پر مجبور ہیں ۔لوگوںکا کہنا ہے کہ اگر چہ سرکار نے کئی برس قبل یہاں ایک ہیلتھ سینٹر تعمیر کیا تھا لیکن بدقسمتی سے ابھی تک اُس نے کام کاج شروع نہیں ہوا جس کے نتیجے میں مریضوں کو علاج و معالجہ کیلئے 14 کلومیٹر دور بارہمولہ کا جانا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ علاقہ مواصلاتی نظام سے بھی محروم ہے کیونکہ آ ج تک کسی بھی مواصلاتی کمپنی نے علاقے میں اپنا ٹاور نصب نہیں کیا ہے جس کی وجہ عوام گوناگو مشکلات سے دو چار ہیں ۔ لوگوں نے ان مسائل کو لیکر گورنر انتظامیہ سے فوری طور پر مداخلت کی اپیل کی ۔