اونتی پورہ//آزادی کے75سال مکمل ہونے کے موقعہ پراسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے ایک تقریب کاانعقاد کرکے ملک بھر میں جاری ’’آزادی کے مہااُتسو‘ میں شرکت کی۔یہ تقریب ’آزادی کے امرت مہا اُتسو‘ تقریبات کے مقصد سے منعقد کی گئی اور اس میں ڈینز،رجسٹرار،فائنانس افسر اور مختلف تعلیمی اورانتظامی شعبوں کے افسراں نے شرکت کی۔شرکاء نے جدوجہدآزادی کی عظیم شخصیات جنہوں نے ملک کی آزادی کیلئے اپنی جانیں نچھاور کیں،کوخراج عقیدت پیش کیا۔ اسلامک یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرمشتاق احمدصدیقی ،جو تقریب پر مہمان خصوصی تھے،نے اس ملک گیر مہم کے مقاصد کو اُجاگرکیااورملک کی سائنسی،تمدنی،سماجی اورٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی کوبیان کیا۔پروفیسر صدیقی نے کہا کہ ملک کے تمام شہریوں خصوصاًنوجوانوں کوخودانحصاربھارت کے تنوع،جمہوری اصولوں ،ایجادات اور ٹیکنالوجی کی ترقی پر فخر ہوناچاہیے۔