اننت ناگ//ڈورو شاہ آباد میں بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاجی ہڑتال رہی جس دوران لوگوں نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے محکمہ کے خلاف آواز بلند کی ۔بجلی کی ناقص سپلائی کو لے کر ڈورو قصبہ میں سوموار کو مکمل ہڑتال رہی ۔ہڑتال کی کال ٹریڈررس فیڈریشن ،ادارہ اوقاف اسلامیہ،شاہ آباد ڈیولمپنٹ فورم اور شاہ آباد سٹیزن فورم نے مشترکہ طور پر دی تھی ۔احتجاجی ہڑتال کے سبب تمام تجارتی مراکز بند رہے جبکہ ٹریفک کی نقل وحرکت بھی متاثر رہی ۔مقامی لوگوں نے سڑک پر دھرنا دے کر محکمہ بجلی کے خلاف نعرے بلند کئے ۔احتجاجیوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر ’’بجلی کی بدستور بحالی یقینی بنائو،بجلی نہیں فیس نہیں ،بجلی بلوں کا بغور جائزہ لیا جائے‘‘ نعرے درج تھے ۔اوقاف اسلامیہ ڈورو کے صدر محمد ابراہیم کندرو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ قصبہ میں گذشتہ 20روز سے بے ترتیب بجلی سپلائی سے ڈورو و اسکے مضافات میں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔محکمہ بجلی صارفین کو24گھنٹوں میں محض3سے4گھنٹے بجلی فراہم کرتا ہے اور ہر پانچ منٹ کے بعد بجلی سپلائی منقطع ہوجاتی ہے اور پھر گھنٹوں غائب ہوجاتی ہے ۔اُنہوں نے کہا علاقہ میٹرڈ زون میں ہے لیکن اس کے باوجود بھی لوگوں کو شیڈول کے مطابق بجلی فراہم نہیں کی جاتی ہے ۔جاوید احمد خان نامی سماجی کارکن کا کہنا تھا کہ محکمہ نے بجلی بلوں میں ازخود دوگنا اضافہ کیا ہے ، ہر صارف کی بجلی بل 400روپے سے بڑھا کر800روپے کردی گئی ہے جو کہ غریب صارفین پر اضافی بوجھ ہے ، اس کے علاوہ جو میٹر نصب کئے گئے ہیں اُن میں ہر ماہ یونٹ گنتی میں تفاوت آرہی ہے جس کے سبب میٹروں کے سسٹم پر شک وشبہات پیدا ہوگئے ہیں ۔اس دوران احتجاجی لوگوں نے مطالبہ کیا کہ علاقہ میں تعینات محکمہ کے ملازمین کا فوری طور پر تبادلہ کیا جائے کیونکہ یہ ملازمین برسوں سے یہاں تعینات ہے ۔اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر ڈورو فیاض احمد کا کہنا ہے کہ ٹرانسمیشن لائین میں تکنیکی خرابی بجلی بحران کا سبب بنی ہوئی ہے۔اُنہوں نے اضافی بلوں پر دوبارہ غور کرنے کی بھی یقین دہانی کی ۔