اودھمپور// ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ، جسٹس پنکج متھل نے سنیچر کو نو تعمیر شدہ سب جج کورٹ کمپلیکس رام نگر کا افتتاح کیا ۔ ان کے ہمراہ اودھمپور ضلع کے انتظامی جج جسٹس تاشی ربستان بھی تھے ۔ چیف جسٹس کو ضلع پولیس اودھمپور کی جانب سے کورٹ کمپلیکس پہنچنے پر انہیں رسمی گارڈ آف آنر دیا گیا ۔ افتتاحی تقریب میں رجسٹرار جنرل ہائی کورٹ جواد احمد ، چیف جسٹس کے پرنسپل سیکرٹری راجیو گپتا ، ممبر سیکرٹری جے کے ایس ایل ایس اے مہندر کمار شرما ، ڈپٹی کمشنر اودھمپور اندو کنول چب ، سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس سرگون شکلا، ایم ڈی جے کے پی سی سی وکاس کنڈل نے شرکت کی ۔ چیف انجینئر جے کے پی پی سی این ڈی خواجہ ، پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اودھمپور موہن لال منہاس، سب جج رام نگر ارچنا چاڑک ، ڈسٹرکٹ موبائیل مجسٹریٹ اجے کمار ، صدر بار ایسوسی ایشن رام نگر کے ڈی شرما ، اور دوسرے ممتاز مہمان موجود تھے ۔ چیف جسٹس کو بتایا گیا کہ یہ عمارت 5.40 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے جس میں مین کورٹ کی سہولیات موجود ہیں ۔ جس میں کورٹ روم ، نیابت کورٹ ، کریمنل سیکشن ، پراسیکیوشن ، اسٹاف سیکشن وغیرہ شامل ہیں ۔ چیف جسٹس نے بار ممبران سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں میں نئی عمارتوں اور انفراسٹریکچر کی تعمیر کا مقصد ایسی فضا کو آسان بنانا ہے جہاں انصاف کی فراہمی مناسب طریقے سے ہو ۔ اس موقع پر بار ممبران نے چیف جسٹس کو انہیں درپیش مختلف امور سے آگاہ کیا جس میں چیمبروں کی تکمیل اور رام نگر میں ایڈیشنل سیشن کورٹ کی تشکیل بھی شامل ہے ۔ بار ممبران نے مقررہ مدت میں تحصیل سطح پر ڈیجٹل سہولیات سے لیس جوڈیشل کورٹ کمپلیکس تیار کرنے پر چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے اس موقعہ پر مہمانِ خصوصی کو مومنٹو بھی پیش کیا ۔ چیف جسٹس نے بار ممبران کو یقین دلایا کہ ان کے زیر التوا معاملات کو ترجیحی طور پر حل کیا جائے گا ۔ لاٹی کے ایک وفدنے چیف جسٹس سے ملاقات کی جس نے لاٹی میں منصف کورٹ بنانے کا مطالبہ کیا کیونکہ اودھمپور اور رام نگر تک پہنچنے کیلئے انہیں طویل فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے ۔ چیف جسٹس اور ایڈمنسٹریٹو جج برائے اودھمپور اور دیگر معززین نے بھی نئے افتتاحی سب جج کورٹ کمپلیکس رام نگر میں پودے لگائے ۔