بانہال// پچھلے پندرہ سالوں سے ریلوے تعمیراتی کمپنی ارکان انٹرنیشنل کے زیر کنٹرول ناچلانہ کھڑی مہو رابطہ سڑک ریلوے تعمیراتی کمپنیوں کی عدم توجہی کی وجہ سے خستہ اور شکستہ حال ہوگئی ہے اور گزشتہ چار روز کی بارشوں کی وجہ سے سڑک کا ایک بڑا حصہ ہرنیہال کے مقام دھنس گیا ہے اور سڑک ناقابل امدورفت ہوکر رہ گئی ہے۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ کھڑی مہو رابطہ سڑک پر کھڑی کے سرن علاقے میں کئی ریلوے ٹنل اور ریلوے سٹیشن کھڑی زیر تعمیر ہیں اور ان کی رسائی اور مشینری لانے لیجانے کیلئے اس سڑک کو پچھلے پندرہ سالوں سے ریلوے کمپنیاں برابر استعمال کر رہی ہیں لیکن ریلوے تعمیراتی کمپنی افکان اور ارکان انٹرنیشنل نے اس خستہ حال ہوئی سڑک کو پچھلے پندرہ سالوں سے مکمل طور سے نظر انداز کر رکھا ہے اور اس کی سزا کھڑی مہو منگت تحصیل کے ہزاروں لوگوں کو بھگتنا پڑرہی ہے کیونکہ جگہ جگہ تباہی ہوئی سڑک پر چلنا دوبھر ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناچلانہ کھڑی منڈکباس سڑک کے رکھ رکھاؤ کیلئے مقامی پنچایتی نمائندوں اور بلاک ڈیولپمنٹ چئیرمین کھڑی سجاد احمد حجام نے کئی کوشش کیں لیکن ارکان انٹرنیشنل اور افکان کے حکام ٹس سے مس نہیں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے کھڑی اور سرن کے درمیان کئی رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ دریں اثنا ضلع رام بن میں مسلسل بارشوں کی وجہ سے کئی رہائشی مکانوں اور سرکاری سکولوں اور راستوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔