کولگام//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے ویسومائیگرنٹ کالونی میں رہائش پذیر مائیگرنٹوں کے لئے دستیاب سہولیات کا جائزہ لینے کے لئے کالونی کا دورہ کیا اور شکایات کے ازالے کے کیمپ کا اِنعقاد کیا۔کیمپ کے دوران کالونی کے رہائشیوںنے مشیر کو مختلف امور سے آگاہ کیا جس میں ناکافی رہائش ، کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے لئے اراضی کی نشاندہی ، بجلی اور پانی کی بہتر ترسیل، انٹر ڈسٹرکٹ ٹرانسفر وغیرہ شامل ہیں۔اُنہوں نے اَپنے بچوں کے لئے کے وی سکول کے قیام کا مطالبہ بھی کیا۔مشیر نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام سہولیات کو مقررہ وقت کے فراہم کریں اور کالونی میں مکینوں کے لئے بہتر سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے ڈپٹی کمشنر کو بھی ہدایت دی کہ وہ کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے لئے اراضی کی نشاندہی کریں۔اِس موقعہ پر مشیر نے اَپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام مائیگرنٹ کیمپوں میں سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے کوششیں کی جاری ہیں اور لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعہ اس سارے عمل کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے تمام کیمپوں میں سہولیات کو بہتر بنانے اور وادی کے مختلف اضلاع میں اضافی رہائش پیدا کرنے کے لئے اپنی کوششوں کو دوگنا کردیا ہے جس کی نگرانی لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعہ کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام اضلاع میں اراضی کے حصول کے معاملات حل ہوگئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کالونیوں کی حالت کو بہتر بنانے کے لئے حکومت نے بہت سے اِقدامات کئے ہیں اور جلد ہی اس میں مطلوبہ تبدیلیاں بھی منظر عام پر آئیں گی۔اِس موقعہ پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کی عکاسی کرتے ہوئے ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے ۔اس سے قبل مشیر کو مرحلہ دوم کے تحت نئے بلاکوں کے توسیعی منصوبے کے بارے میں جانکاری دی گئی اور اُنہوں نے عمل آوری ایجنسی کو کام میںسرعت لانے کی ہدایت دی اور ڈپٹی کمشنر سے کہا گیا کہ وہ تعمیراتی کاموں کا وقتاً فوقتاًجائزہ لیں۔ دورے کے دوران مشیر کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ ، ایس ایس پی کولگام گورندرپال سنگھ اور دیگر افسران بھی تھے۔