دھندک واٹر سپلائی سکیم ایک ہفتے سے بند
بار بار موٹر خراب ہونا باعث تشویش ،انتظامیہ سے توجہ کی اپیل
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ سب ڈویژن کے دھندک گائوں میں واٹر سپلائی سکیم ایک ہفتے سے بند ہو نے کی وجہ سے عام لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مکینوں نے محکمہ آب رسانی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ واٹر سپلائی سکیم کیلئے نصب کردہ موٹر با ر بار خراب ہو جاتی ہے جبکہ متعلقہ محکمہ بھی اس کی صحیح مرمت کروانے میں ناکام ثابت ہو رہا ہے ۔عام لوگوں نے بتایا کہ گھروں میں پیدا ہو ئی پانی کی قلت سے پریشان ہو کر اب وہ اپنے مال مویشیوں کو سرنکوٹ دریا پر لے جانے کیلئے مجبور ہیں ۔انہوں نے محکمہ کے ملازمین و آفیسران پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کئی دنوں سے خراب موٹر کی مرمت کیلئے ابھی تک محکمہ کی جانب سے کوئی بھی ملازم موقعہ پر نہیں پہنچا جس کی وجہ سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس جدید دور میں بھی مکینوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے میں محکمہ ناکام ہوا ہے جبکہ جدید مشینری بھی نصب نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ آب رسانی کے اعلیٰ آفیسران کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ واٹر سپلائی سکیم دوبارہ سے بحال ہو سکے ۔
ذہنی طور معذور خاتون کی لاش برآمد
عشرت حسین بٹ
منڈی//سنیچر کو تحصیل منڈی کے چکتروں علاقہ سے پولیس نے ذہنی طور معذور خاتون کی نعش بر آمد کی جبکہ قانونی لورزامات مکمل کرنے کے بعد اس کو سپرد خاک کردیا گیا ۔ پولیس کے مطابق سنیچر صبح کو اطلاع ملی کہ منڈی صدر مقام سے 8کلو میٹر دوری پر واقع چکترو میں دریا کے نزدیک خاتون کی نعش کو پایا گیا جس کے چلتے ایس ایچ او منڈی بشیر کوہلی کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم موقہ پر پہنچی جہاں سے انہوں نے خاتون کی نعش کو برآمد کیا جس کی شناخت شریفہ بی دختر نور محمد سکنہ ڈنہ ڈویاں تحصیل منڈی کے طور پر ہوئی ہے۔ بعد ازاں مرحومہ کی لاش کو سب ضلع ہسپتال منڈی لایا گیا جہاں سے قانونی لوازمات کے بعد اسے لواحقین کو آخری رسومات کیلئے سپرد کر دیا گیا ۔لواحقین کے مطابق مرحومہ گزشتہ پانچ برسوں سے ذہنی مریض تھی جبکہ اس کی عمر 55برس کے قریب تھی ۔انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے گھر سے روزانہ نکل جاتی تھیں اور چکترو کے مقام پر ایک پیر بابا کی زیارت میں رہتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دو روز قبل بھی وہ معمول کے مطابق اپنے گھر سے نکل گیں تھیں پتہ کرنے پر انہیں پتہ چلا کہ وہ زیارت پر ہے جہاں وہ زیارت پر رکھے گیے مال مویشی کو چراتی تھیں ۔لواحقین کے مطابق سنیچر کو انہیں ایک فون کال موصول ہوئی جس میں انہیں مرحومہ کی نعش کی پہچان کیلئے بلایا گیا ۔اس حوالے سے پولیس تھانہ منڈی میں ایک کیس بھی درج کر دیا گیا۔
محکمہ تعلیم کاآفیسردل کا دورہ پڑنے سے ہلاک
راجوری //سرحدی ضلع راجوری میں محکمہ تعلیم کا ایک آفیسر دوران ڈیوٹی دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے لقمہ اجل بن گیا ۔مرحوم آفیسر کی شناخت پرنسپل گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول پانیہد راجیش کمار گپتا کے طورپر ہوئی ہے ۔گزشتہ کئی ماہ سے آفیسر مرحوم کے پاس زونل ایجوکیشن آفیسر پیڑی کا اضافی چارج بھی تھا ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آفیسر موصوف سرکاری سکولوں کے معائینہ کے سلسلہ میں سواڑی علاقہ میں گئے ہوئے تھے ۔اس دوران آفیسران نے صحت میں خراب کی شکایت کی جس کے دوران اس کی موت واقعہ ہوگئی ۔گور نمنٹ سکول سواڑی کے سٹاف ممبران نے بتایا کہ انچارج زونل ایجوکیشن آفیسر سکول میں 11:30بجے پہنچے جس کے دوران ان کی صحت خراب ہونے کی شکایت کی ۔بلاک میڈیکل آفیسر کنڈی ڈاکٹر اقبال ملک نے بتایا کہ اطلاعات موصول ہونے کیساتھ ہی پرائمری ہیلتھ سنٹر ترالہ کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اور ڈاکٹروں نے ان کی جانچ شروع کی تاہم مذکورہ آفیسر پہلے ہی دم توڑ بیٹھا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ لاش کو ایک ایمبو لینس کی مدد سے آخر رسومات کیلئے گھر منتقل کیا گیا ۔
جعلساز اے ٹی ایم کارڈوں کیساتھ گرفتار
راجوری //جموں وکشمیر پولیس نے راجوری ضلع میں ایک جعلساز کو ایم ٹی ایم کاڑوں سمیت گرفتار کرلیا ۔پولیس کے مطابق مذکورہ جعلساز اے ٹی ایم کارڈوں کی ردو بدل کر لیتا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ کلسم اختر نامی ایک خاتون کی جانب سے ایک شکایت درج کروائی گئی تھی جس میں کہا گیا ہے اس کا اے ٹی ایم کارڈ دھوکے سے تبدیل کر دیا گیا ہے ۔شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس نے ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 143/2021 درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ۔پولیس نے بتایا کہ اس سلسلہ میں تحقیقات کے دوران فیضان علی ولد شوکت علی سکنہ چنڈک پونچھ جوکہ اس وقت وار ڈ نمبر 02راجوری میں رہائش پذیر ہے ،کو گرفتارکرلیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ ملزم سے کئی اے ٹی ایم کارڈ بھی بر آمد کر لئے گئے ۔پولیس کو تحقیقات کے دوران ملزم نے بتا یا کہ وہ صارفین کی مدد کرنے کے دوران ان کے اے ٹی ایم کارڈ بدل لیتا تھا ۔
جھگڑے میں شہر ی زخمی
راجوری //راجوری ضلع کے گکھروٹ علاقہ میں ایک شہر مکینوں کے حملے میں زخمی ہو گیا جس کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال میں بھرتی کروایا گیا ہے ۔زخمی شخص کی شناخت محمد خالق ولد منیر حسین سکنہ گکھروٹ کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ زخمی شخص کو پرائمری ہیلتھ سنٹر پیڑی میں علاج معالجہ کیلئے بھرتی کیا گیا جبکہ ابتدائی مرحم پٹی کے بعد اس کو گور نمنٹ میڈیکل کالج جموں ریفر کر دیا گیا ۔پولیس نے بتایا کہ محمد خالق اپنے گائوں میں موجود تھا جس کے دوران کچھ افراد نے اس پر حملہ کر کے اس کو شدید زخمی کر دیا ۔اس سلسلہ میں پولیس نے معاملہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
راجدھانی ۔دھار 7کلو میٹر سڑک
پروجیکٹ 8برسوں بعد بھی جوں کا توں
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجاکوٹ کے راجدھانی سے دھار جانے والی سات کلومیٹر سڑک 8 برسوں میں بھی مکمل نہ ہو سکی۔پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت تعمیرکی جانے والی یہ سڑک لگ بھگ چار کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جارہی ہے مگر محکمہ نے 2012 میں اس کی کٹائی کا عمل شروع کیا تھا جبکہ 2017 میں بجری ڈالی گئی لیکن مبینہ طورپر غیر معیاری کام کرنے کی وجہ سے اس وقت بجری اکھڑ چکی ہے ۔مقامی لوگوں نے پی ایم جی ایس وائی حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پروجیکٹ مکمل نہ ہونے کی وجہ سے جہاں مسافروں کا شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے وہائیں ملحقہ علا قوں میں رہائش پذیر لوگوں کی زرعی اراضی بھی پانی کی وجہ سے متاثر ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سڑک کی نالیاں بھی بند ہو گئی ہیں تاہم متعلقہ ٹھیکیدار نے بھی سنجیدگی سے پروجیکٹ کو مکمل کرنے میں اپنا رول ادا نہیں کیا ۔مکینوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پروجیکٹ کو جلدازجلد مکمل کروانے کی ہدایت جاری کی جائیں جبکہ پروجیکٹ کو مکمل کرنے میں غفلت برتنے والے ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
گاڑیوں کے تصادم میں 1زخمی
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے لمبیڑی علا قہ میں ایک بس اور گاڑی کے مابین ہوئے آپسی تصادم میں بس کا ڈرائیور زخمی ہو گیا ۔پولیس نے بتایا کہ سندر بنی سے لمبیڑی جارہی ایک منی بس زیر نمبر JK02M-6985اور سامنے سے آرہی ایک فوجی گاڑی کے درمیان تصادم ہو گیا جس کی وجہ سے وجہ ڈرائیور زخمی ہو گیا ۔ڈرائیور کی شناخت اجیت کمار سکنہ لمبیڑی نوشہرہ کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے دونوں گاڑیوں کو ضبط کر تے ہوئے ایک معاملہ درج کرلیا ہے ۔
کنگوٹا میں 15دنوں سے پانی سپلائی بند
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے کنگوٹا گائوں میں گزشتہ 15دنوں سے پانی سپلائی بند ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں محکمہ جل شکتی کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ پانی کی سپلائی کو بحال کرنے کی جا نب کو دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔انہوں نے محکمہ کے آفیسر کو تنقید کا نشا نہ بناتے ہوئے کہاکہ ملازمین پر کوئی کنٹرول ہی نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات میں ہر گزرتے دن اضافہ ہو تا جار ہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پانی کی سپلائی کو بحال کرنے کیلئے ملازمین کو متحرک کیا جائے ۔