سرینگر /پرویز احمد / جموں و کشمیر سرکار نے کورونا وائرس کی روکتھام کیلئے یوٹی کے تمام اضلاع کو مختلف زمروں میں تقسیم کردیا ہے۔جن پر یکم اپریل سے اطلاق ہوگا۔تاہم لکھن پور اور جواہر ٹنل کی دونوں جانب 500میٹر پر محیط علاقے کوریڈ زون قرار دیا گیا ہے ۔ جموں و کشمیر سرکار کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامہ زیر نمبر 10-JK(DMRRR)بتاریخ 30مارچ 2021 میںکہا گیاہے کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال پر غور کرنے کیلئے کمشنر سیکریٹری صحت و طبی تعلیم نے، ڈویژنل کمشنر کشمیر اور دیگر افسران کی ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میںموجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا ،خاصکرنئے معاملات میں اضافہ،محکمہ صحت کے ملازمین کو درپیش خطرات اور کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کو قابو کرنے کے اقدامات پر غور کیا گیا ۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ آفت سماوی کے قوانین 2005کے سیکشن 25 کا استعمال کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع کو زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ لکھن پور اور جواہر ٹنل کے دونوں جانب 500میٹر پر محیط علاقے کو ریڈ زون، سرینگر کو چھوڑ کر تمام اضلاع کو گرین زون جبکہ سرینگر کو نارنگی زون قرار دیا گیا ہے۔حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقوں کی زمرہ بندی سرگرمیوں کو محدود کرنے کیلئے کی گئی ہے اور اسکی فہرست سٹیٹ ایگزیکیٹو کمیٹی الگ سے جاری کرے گی۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقوں کی زمرے بندی پر وقفہ وقفہ سے نظر ثانی ہوگی اور ضرورت پڑنے پر ان میں ترمیم بھی کی جائے گی۔