سوپور//سوپور میں سینکڑوں طلباء اور طالبات جنہوں نے حال ہی میں بارہویں جماعت کاامتحان پاس کیا ہے،ڈگری کالج سوپور میں داخلہ نہ ملنے پر محکمہ اعلیٰ تعلیم کے خلاف زبردست احتجاج کیاکیوں کہ کالج میں طلباء کے داخلے کی گنجائش ختم ہوئی ہے۔سوپورکے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء اورطالبات کالج کے باہر جمع ہوئے اوراپنے مطالبات کو لیکرایک گھنٹے تک احتجاجی دھرنادیا۔احتجاجی طلبہ حکام کے خلاف نعرہ بازی کررہے تھے اور مطالبہ کررہے تھے کہ انہیں کالج میں داخلہ دیاجائے۔احتجاجی طلاب کا کہناتھا کہ انہیں اس سال کے پہلے سیمسٹر میں کالج میں داخلہ نہیں دیا جارہا ہے کیوں کہ کالج کے حدود میں آنے والے علاقوں کے طلبہ کیلئے داخلہ دینے کی حد مکمل ہوچکی ہے اور اب کالج میں مزید طلاب کو داخلہ دینے کی گنجائش نہیں ہے ۔احتجاجی طلبہ نے کہا کہ وہ گزشتہ دوہفتوں سے کالج کے چکر لگارہے ہیں تاکہ انہیں کالج میں داخلہ مل سکے لیکن انہیں بتایا جارہا ہے کہ کالج میں طلبہ کو داخلہ دینے کی گنجائش پوری ہوئی ہے اور اب کالج میں داخلہ ملنا ناممکن ہے۔محمد عامرایک طالب علم نے کہا کہ ہمارامستقبل دائو پر لگ چکا ہے اورہماراقیمتی وقت ضائع ہورہا ہے۔سوپورقصبے کے طلاب بھی احتجاج میں شامل تھے کیوں کہ انہیں بھی کالج میں داخلہ نہیں مل سکاہے ۔طلاب نے مطالبہ کیا کہ اس مسئلہ کو فوری طور حل کیاجائے اوران کا قیمتی وقت ضائع ہونے سے بچایا جائے۔کالج کے ایک استاد نے کہا کہ ہرسال قصبے کے چار ہائراسکینڈری اسکولوں کے1500سے زیادہ طلبہ تاریخی سوپور کالج میں داخلہ لینے کیلئے آتے ہیں۔لیکن اس سال کالج میں صرف800طلاب کو داخلہ دیاجارہا ہے۔کالج کے پرنسپل فاروق احمد ملک نے اس سلسلے میں بتایا کہ ہمیں محکمہ اعلیٰ تعلیم کی طرف سے صرف800نشستیں الاٹ کی گئی ہیں اوروہ نشستیں پر ہوچکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مزیداحکامات ملنے تک ہم اس سلسلے میں مزیدطلاب کوداخلہ نہیں دے سکتے ہیں۔