بڈگام +گاندربل//ضلع ترقیاتی کونسل بڈگام اور ضلع ترقیاتی کونسل گاندربل کے چیئرمینوں نے سوموار کو اپنے عہدوں کا چارج سنبھالا۔بڈگام میں ضلع انتظامیہ کے اہتمام سے ایک رنگا رنگ تقریب پر ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمین نظیراحمدخان نے اپنا عہدہ سنبھالا۔ڈپٹی کمشنر بڈگام شہبازاحمد مرزانے ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمین کا استقبال کیا۔تقریب پر لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔اس موقعہ پر تقریر کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمین نے ضلع انتظامیہ کا شکریہ اداکیا۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی مجموعی ترقی ان کی ترجیح ہوگی ۔انہوں نے عوامی شکایات کا ازالہ کرنے پر بھی زوردیااورکہا کہ تین مرحلوں کے پنچایتی نظام نے آخرکارجڑ پکڑ لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی ترقی کے حوالے سے کئی معاملات اعلیٰ حکام کی نوٹس میں لائے جائیں گے ۔انہوں نے عوام پر زوردیا کہ وہ آگے آکر موثر منصوبہ بندی کے عمل میں شریک ہوں ۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کونسل کے نائب چیئرمین،ممبران ضلع ترقیاتی کونسل ،ضلع پولیس سربراہ ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ،اسسٹنٹ کمشنراور دیگر افسران بھی موجودتھے۔ ادھر گاندربل میں بھی ضلع ترقیاتی کونسل ،گاندربل نزہت اشفاق اورنائب ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمین بلال احمد نے اپنے عہدے سنبھالے۔اس موقعہ پرضلع کے تمام اعلیٰ حکام موجود تھے۔عہدہ سنبھالنے کے بعد دونوں چیئرمین اور نائب چیئرمین نے کہا کہ وہ ضلع کی پائیدار ترقی کیلئے کونسل کام کرے گی۔ا س دوران ضلع حکام نے دونوں کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔