بارہمولہ//پٹن کے ایک مضافاتی گائوں میں تین مسلح نقاب پوش افراد نے جموں کشمیر بینک برانچ میں داخل ہو کر وہاں سیکورٹی گارڈ کی 12بور رائفل اڑانے کے علاوہ نقدی بھی لوٹ لی ۔یہ واقعہ شیر آباد کھور پٹن میں بعد دوپہر پیش آیا۔ بینک لوٹنے والے افراد طبی عملہ کے بھیس میں پی پی ای کیٹس میں ملبوس تھے۔بتایا جاتا ہے کہ نقاب پوش ایک آلٹو گاڑی میں سوار ہوکر ساڑھے 3بجے بینک شاخ میں داخل ہوئے اور پہلے انہوں نے ہوا میں دو فائر کئے ۔ اسکے بعد بینک محافظ سے بارہ بور رائفل چھین لی اور بینک میں توڑ پھوڑ کی۔اسکے بعد مسلح افراد کیش کاونٹر میں داخل ہوئے اور وہاں سے 2لاکھ 86ہزار کی رقم لوٹ لی۔اسکے بعد واپسی پر انہوں نے پھر فائر کئے۔ اس سے قبل ہی بینک کے باہر لوگ جمع ہوئے تھے جنہیں ڈرانے کیلئے مسلح افراد نے ہوا میں فائر کیا۔اس موقعہ پر مقامی لوگوں کی بھیڑ میں آلٹو گاڑی انہیں نظر نہیں آئی اور لوگوں کی جانب سے پکڑے جانے کے خدشے کے پیش نظر انہوں نے یہاں ایک مقامی شہر ولی محمد ساکن ہانجی ویرہ کو اسکی ماروتی کار سے ڈرا دھمکا کر باہر لایا اور اسکی ماروتی لیکر فرار ہوئے۔مقامی لوگوں نے مسلح افراد کا پیچھا بھی کیا اور دور تک انکے پیچھے پیچھے گئے لیکن لٹیرے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ایس ایس پی بارہمولہ رئیس احمد بٹ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ کم از کم تین مسلح بندوق بردار جو پی پی ای کٹیس میںملبوس اور ماسک پہنے ہوئے تھے، بینک برانچ سے نقدی رقم اور بینک گارڈ کی 12بور رائفل اڑا کر فرار ہوگئے ۔انہوں نے بتایا کہ کچھ مقامی لوگوںنے انہیں پکڑنے کی کوشش کی تاہم انہوں نے ہوا میںگولیوںکے کچھ راونڈ فائر کئے اور فرار ہونے میںکامیا ب ہو گئے ۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات ہورہی ہے اور پولیس نے کیس رجسٹر کر کے انکی تلاش شروع کردی ہے۔