مینڈھر //گزشتہ روز خراب ہوئے موسم کے دوران مغل شاہراہ کے پیر گلی علاقہ میں ایک مرتبہ پھر سے برفباری ہوئی تاہم مکینوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ تاریخی مغل شاہراہ کو ٹریفک کی آمد ورفت کیلئے جلدازجلد بحال کیاجائے تاکہ خطہ پیر پنچال کے مریضوں و طلباء کیساتھ ساتھ عام لو گوں کو سہولیات میسر ہو سکیں ۔گزشتہ روز پیر پنچال کے آرپار موسم میں آئی خرابی کے دوران پیر گلی وملحقہ علاقوں میں بھی برفباری ہوئی ہے ۔غور طلب ہے کہ حالیہ دنوں میں مغل شاہراہ پر تعینات میکینکل شعبہ کی جانب سے مغل شاہراہ سے برف ہٹائی تھی جس کے بعد راستے کو گاڑیوں کی آمد ورفت کے قابل بنادیا گیا تھا تاہم مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ شاہراہ پر تعینات مشینری کو نا معلوم وجوہات کی بنیادی پر ہٹا لیا گیا ہے تاہم ابھی تک ٹریفک کی بحالی عمل میں نہیں لائی گئی ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت خطہ پیر پنچال کے کئی مریضوں کیساتھ ساتھ طلباء کی ایک بڑی تعداد مذکورہ شاہراہ کے ذریعہ وادی جانے چاہتے ہیں جبکہ اس شاہراہ کی بحالی کی وجہ سے تاجر طبقہ کے مسائل بھی کم ہو سکتے ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے شاہراہ کی بحالی میں ابھی تک کوئی دلچسپی ہی نہیں لی گئی ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مغل شاہراہ کو جلدازجلد ٹریفک کیلئے بحال کیا جائے تاکہ عام لوگوں کیلئے آسانیا ں پیدا ہوسکیں ۔