شوپیان +ترال// شوپیان اور پلوامہ میں فورسز نے زیر زمین بچھائی گئی 2 بارودی سرنگیں ناکارہ بنائیں جبکہ ترال ٹائون میں تلاشیاں لی گئیں۔ پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ( ٹاسک فورس) کیمپ گاگرن شوپیان کے نزدیک بارودی سرنگ کا پتہ لگایا گیا جس کے فوراً بعد بم ڈسپوزل سکارڈ کو طلب کیا گیا جس نے 6کلو وزنی بارودی سرنگ ناکارپہ بنائی۔ادھر سرکل روڑ پلوامہ کے نزدیک بھی ایک باردوی سرنگ بر آمد کر لی گئی جسے ناکارہ بنایا گیا ۔ مصدقہ اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز اور پلوامہ پولیس نے جمعہ کی صبح سرکل روڑ پلوامہ میں تلاشی کارروائی عمل میںلائی جس دوران وہاں نصب کی گئی بارودی سرنگ بر آمد کر لی گئی ۔ جس کے بعد بم ڈسپوزل اسکارڈ طلب کیا گیا جنہوںنے کچھ دوری پر باردوی سرنگ کو ناکارہ بنا یا ۔ پولیس نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ’’ سرکل روڑ پلوامہ پر بارودی سرنگ بر آمد کرنے سے بڑے واقعہ کو ٹالا گیا‘‘۔پولیس نے اس سلسلے میں تحقیقات شروع کی ہے۔دریں اثناء قصبہ ترال میں جمعہ کے روز بعد دوپہر پونے تین بجے سی آر پی ایف اور ایس او جی نے آب گھر ترال بالا کے نزدیک اس وقت سرچ آپریشن شروع کیا جب لوگ خانقاہ فیض پناہ ترال سے جمعہ کی نماز ادا کرنے کے بعد باہر نکل رہے تھے۔ اس دوران لوگ بازار میں پہنچ کر ششدر رہ گئے جب انہیں قطار میں رہنے کو کہا گیا جس کے بعد ان کی جامہ تلاشی لی گئی۔ اس جامہ تلاشی کے دوران کسی بھی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔