ملازمین کی برطرفی کسی بڑی سازش کاحصہ | کشمیردشمن اورملازم کش اقدام سے گریزکیاجائے:ڈاکٹر فاروق
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ملازمین کی بلاجواز اور جبری برخاستگی کے عمل پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے جموں وکشمیر کے عوام خصوصاً ملازم طبقے میں عدم تحفظ کا احساس شدت کیساتھ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملازمین کی برخاستگی کیلئے جو طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے وہ صاف طور پر کسی گھناونی سازش کا حصہ لگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس سے جس طرح سے کشمیر میں ایک منصوبہ بند طریقہ کار اختیار کرکے ملازمین کو نوکریوں سے برخاست کیا جارہاہے وہ انتقام گیری اور کشمیر دشمنی کی عکاسی کررہا ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ گذشتہ سال سیلف ہیلپ گروپوں کو ختم کرکے 4500انجینئروں کا روزگار چھینا گیا اور روزانہ اجرت پر سرکاری محکموں میں کام کررہے سینکڑوں افراد کو بھی نکالا گیا۔ اس کے بعد حکومت کو اس بات کا مجاز بنایا گیا کہ کسی کو بھی 48سال کی عمر میں ریٹائر کرسکتی ہے اور بعد میں ایک اور فیصلے کے تحت حکومت کو اس بات کا اختیار دیا گیا کہ بغیر تحقیقات کے کسی بھی ملازم کو برخاست کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سارے اقدامات کوئی اتفاق کی بات نہیں بلکہ کسی بڑی سازش کا حصہ لگ رہا ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مرکزی اور جموںوکشمیر حکومت کو خبردار کیاکہ اس ملازم کُش اور کشمیر دشمن پالیسی کو ترک کرکے برطرف کئے گئے ملازمین کی فوری بحالی عمل میں لائی جائے اور مستقبل میں ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کیا جائے۔
سودمیںاڑھائی ارب روپے کی راحت | FCIK لیفٹینٹ گورنر کی شکرگزار
سرینگر//چیمبر آف انڈسڑی کشمیرنے جموں کشمیرمیں تجارت اور صنعتوں کی بحالی کیلئے اڑھائی کروڑ روپے سود میں راحت دینے کو واگزارکرنے کاخیرمقدم کیا ہے۔فیڈریشن چیمبر آف انڈسڑی کشمیرکے صدرشاہدکاملی نے کہا کہ سود میں اڑھائی کروڑ روپے واگزارکرنے سے لیفٹینٹ گورنرمنوج سنہا کی تاجروں کاہاتھ پکڑنے کی سنجیدگی کوظاہر کرتا ہے جنہوں نے سالہاسال سے بری طرح نقصان اُٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے جموں کشمیر کے تاجروں کا حوصلہ بڑھے گاجواپنی تجارت کووباء کے اس دور میں برقراررکھنے کی جدوجہد کررہے ہیں ،جو دیگرریاستوں کی طرح جموں کشمیر کے جی ڈی پی کیلئے تباہ کن ثابت ہورہا ہے۔ کاملی نے کہا کہ اس سے پہلے پانچ ارب روپے کی سود میں راحت کی قسط سے یونٹوں کو بحال کرنے میں کافی مددملی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت جموں کشمیرکی اقتصادیات کو فروغ دینے کیلئے آنیوالے ایام میں مزیداقدام کرے گی اور لوگوں کی مشکلات کو دور کرنے کیلئے مدد دے گی۔انہوں نے کہا کہ سود میں راحت سے جموں کشمیرمیں تجارت کے شعبے کوبڑی امدادمیسر ہوئی ہے۔مجھے اُمید ہے لیفٹینٹ گورنرایسے اقدامات سے جموں کشمیرکی اقتصادیات کوپٹری پرواپس لائیں گے۔فیڈریشن چیمبرآف انڈسٹری کشمیرکے سیکریٹری جنرل اویس قادر نے کہا کہ فیڈریشن وباء کی اس صورتحال میں حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔کووِڈ- 19کی صورتحال کاذکر کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ سودمیں راحت کی التواء میں رکھی گئی قسط کو بھی عید سے پہلے واگزار کیا جائے ۔فیڈریشن چیمبرآف انڈسٹریزکشمیرنے لیفٹینٹ گورنر کے صلاح کار بصیراحمد خان،چیف سیکریٹری بی وی آرسبھرامنیم ،فائنانشل کمشنرفائنانس اے کے مہتہ،پرنسپل سیکریٹری انڈسٹریزوکامرس رنجن پرکاش ٹھاکور اور جموں کشمیر بینک کے چیئرمین ومنیجنگ ڈائریکٹر آر کے چھبر کابھی شکریہ اداکیا۔فیڈریشن کے صدر نے کہا کہ وہ جموں کشمیرمیں تجارت کی بحالی کیلئے حکومت کی ہر پہل کی حمایت کریں گے،تاہم فیڈریشن کے صدر کاملی نے یونٹوں کے دیگر مسائل کاازالہ کرنے کیلئے لیفٹینٹ گورنرکی مداخلت طلب کی۔انہوں نے 5اگست2019کے بعد اورکووڈ- 19کی دولہروں سے تجارتی شعبے کو ہوئے نقصان کی بھرپائی کرنے کیلئے مالی پیکیج ترتیب دینے کا بھی لیفٹینٹ گورنرسے مطالبہ کیا
گاندربل ضلع اسپتال کے آکسیجن پلانٹ کی آزمائش
ارشاداحمد
گاندربل//ضلع اسپتال گاندربل میں نئے نصب کئے گئے اکسیجن پلانٹ کی جمعرات کوکامیاب آزمائش کی گئی۔کورونا بیماری کی دوسری لہر میں بیماروں میں تیزی سے اضافہ ہونے کی بناپر گاندربل اسپتال میں ہنگامی طور نصب کئے گئے اکسیجن پلانٹ کو جمعرات کو آزمائشی طور چلایا گیا جس دورا ن ایک گھنٹے تک ضلع اسپتال کو اکسیجن فراہم کیا گیا۔اس موقعہ پرچیف میڈیکل افسر گاندربل،بلاک میڈیکل افسر گاندربل ،اسپتال کے میڈیکل اسپرانٹنڈنٹ اور دیگر عملہ موجودتھا۔
سونیا گاندھی کاپروفیسر سوزکو فون | صحت کے بارے میں حالات دریافت کئے
سری نگر//کانگریس صدر سونیا گاندھی نے آج دہلی سے سابق مرکزی وزیر ، پروفیسر سیف الدین سوز کو فون کر کے اْن کی صحت کے بارے میں حالات دریافت کئے۔ پروفیسر سوز کورونامثبت پائے گئے ہیں۔محترمہ سونیا گاندھی نے کہا کہ چونکہ انہوں نے (پروفیسر سوز) نے 16 دن قبل ہی کووی شیلڈ کا دوسرا ڈوز لیا تھا، لہٰذا وہ جلد صحت یاب ہوجائیں گے۔انہوں نے پروفیسر سوز اور مسز سوز کی جلد صحت یابی اور کامل صحت ہونے کی دعا کی۔
تاریگامی کا لیفٹینت گورنر کو مکتوب | آشاورکروں کو بھی مراعات دی جائیں
سرینگر//کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ رہنمایوسف تاریگامی نے جموں کشمیر انتظامیہ پرزوردیا ہے کہ وہ آشاورکروں کو ،کوروناکیخلاف لڑنے والے محکمہ صحت وطبی تعلیم کے جانبازوں کی طرز پرمناسب مراعات /تنخواہ دیں تاکہ ان مشکل حالات میں ان کی حوصلہ افزائی ہو۔لیفٹینٹ گورنرمنوج سنہا کوبھیجے گئے ایک مکتوب میں تاریگامی نے آشا ورکروں کو درپیش مشکلات کواُجاگر کرتے ہوئے اُن پرزوردیا کہ انہیں بھی کووِڈجانبازوں کی مراعات اسکیم میں شامل کیاجائے۔ انہوں نے مکتوب میں کہا کہ جموں کشمیر انتظامیہ کا محکمہ صحت اورطبی تعلیم کے کووڈ- 19جانبازوں کوخصوصی مالی مراعات دینے کا فیصلہ قابل سراہنا ہے اور اس سے17000سے زیادہ ملازمین جن میں ریذیڈنٹ ڈاکٹروں،طبی افسروں،نیم طبی ونرسنگ ملازمین ،ڈرائیوروں اور درجہ چہارم ملازمین شامل ہیں، کو فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے کہا تاہم بدقسمتی سے آشاورکروں جو دیہی علاقوں میںمحکمہ صحت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اورقلیل مشاہیرے پرکام کرتے ہیں کواس اسکیم سے مبرارکھا گیا ہے۔وہ اپنے معمول کے کام جیسے حاملہ خواتین ،دودھ پلانے والی مائوں کی دیکھ ریکھ،پیدائش سے پہلے بچوں کی نگرانی ،زچگی ،پیدائش کے بعد بچوں کی نگہداشت ،ٹیکہ کاری،خاندانی منصوبہ بندی کے علاوہ نگرانی کا کام بھی انجام دیتی ہیں اور کووِڈ- 19مریضوں کوطبی سہولیات تک رسائی بہم پہنچانے کے علاوہ گھر میں الگ تھلگ رکھے گئے مریضوں کی بھی نگرانی کرتی ہیں۔ تاریگامی نے کہاکہ آشاورکرروزانہ اور براہ راست سماج کے ساتھ رابطے میں ہوتے ہیں اور وہ صحت کے تمام پیمانوں پرنمونے جمع کرنے اور کمیونٹی کو علاج تک رسائی کیلئے مدددینے کا کام کرتی ہیں۔وہ مشتبہ کورونا مریضوں کے ساتھ رابطے میں پہلے آتی ہیں اورانہیں جانچ اور علاج میں مدددیتی ہیں۔وہ ان مریضوں کاریکارڈ بھی رکھتی ہیں اور ان کے نام پتہ بھی۔اس کے علاوہ انہیں کوئی ذاتی تحفظاتی ساما ن بھی مریضوں کے ساتھ کام کرتے وقت نہیں دیاجاتا ہے ۔تاریگامی نے اس لئے لیفٹینٹ گورنر سے اپیل کی کہ وہ ان آشاورکروں کی حوصلہ افزائی کرنے کیلئے انہیں بھی معقول مراعات اور تنخواہ دی جائے۔
یتیم فائونڈیشن کاضلع انتظامیہ بانڈی پورہ کو آکسیجن سلینڈروں کاعطیہ
بانڈی پورہ//جموں کشمیر یتیم فائونڈیشن نے ضلع بانڈی پورہ میں کووِڈمثبت مریضوں کی سہولیت کیلئے10طبی آکسیجن سلینڈرضلع انتظامیہ کے حوالے کئے۔یہ کھیپ منی سیکریٹریٹ بانڈی پورہ میں ڈپٹی کمشنراویس احمد نے بذات خود یتیم فائونڈیشن کے رضاکاروں یاسرجہانگیر،فاروق احمد ملک اور شکیل احمدباباسے وصول کئے۔اس سلسلے میں نوڈل افسر معراج الدین وانی اورضلعی نمائندے جموں کشمیر یتیم فائونڈیشن محمدانورملک کے مابین ایک باہمی میٹنگ ہوئی تھی جس میں عوامی مفاد میں موثراورٹھوس نتائج کیلئے امدادی سرگرمیوں کو ایک منظم اور مربوط طریقے پرانجام دینے کیلئے آپسی اشتراک کی ضرورت پر اتفاق ہوا۔ضلع ترقیاتی کمشنر اویس احمد نے جے کے یتیم فائونڈیشن کے عوامی مفاد میں کئے گئے اس اقدا م کیلئے شکریہ اداکیااورتنظیم کی رضاکارانہ خدمات کوسراہا۔