سرینگر// جموں و کشمیر میں کورونا کرفیو لگاتار ساتویں روز بھی جاری رہا جب کہ پولیس نے وادی میں 115 افراد کو ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ لاک ڈاؤن کے درمیان ، سڑکوں پر نجی گاڑیوں کی نقل و حرکت جاری ہے۔مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے گذشتہ جمعرات سے جموں و کشمیر کے تقریباً سبھی اضلاع میں کورونا کرفیو جاری ہے۔ لاک ڈاؤن کو 10 مئی تک بڑھا دیا گیا ہے۔جموں و کشمیر کے دیگر اضلاع میں ہنگامی خدمات ، کے علاوہ تمام دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے۔پولیس نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ، وادی بھر میں ، قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 601 افراد سے ایک لاکھ3ہزار370روپئے جرمانہ وصول کیا جبکہ 115 افراد کو گرفتار کیا گیااور 49 ایف آئی آر درج کی گئیں۔پولیس نے کہا’’اس کے علاوہ بڈگام میں کورونا اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پر 6 گاڑیاں بھی ضبط کی گئی ۔ پولیس نے مزید کہا ، کوویڈ کے رہنما اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف خصوصی مہم چلائی گئی ، تا کہ وادی کشمیر کے تمام اضلاع میں قوانین جاری رہیں اور لوگ کرونا معیاری عملیاتی طریقہ کار پر عمل پیرا ہو۔