سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے جمعتہ الوداع کے موقعہ پر لوگوں کو مبارک باد پیش کی ۔اُنہوں نے لوگوں سے التجاکی کہ وہ پوری اِنسانیت کو کورونا وائرس وَبائی امراض کے عالمی صحت بحران سے نکالنے کے لئے اللہ تعالیٰ سے دعا کریں۔اَپنے پیغام میں مشیر فاروق خان نے کہا کہ رمضان المبارک کا آخری جمعہ(جمعتہ الوداع) ایک مقدس موقعہ ہے جب مومنین پوری انسانیت کے لئے اللہ سبحان وتعالیٰ سے سعادت حاصل کرتے ہیں۔مشیرفاروق خان نے کہا ،’’اِس مقدس موقعہ پر ہم سب کو اللہ تعالی سے دعا کرنی چاہئے کہ وہ ہمیں موجودہ صحت بحران سے نکال دے اور اس وَبائی بیماری کا خاتمہ کرے جس نے پوری اِنسانیت کو متاثر کیا ہے۔‘‘اُنہوں نے لوگوں کو کووِڈ۔19 وَبائی امراض کے دوران ان مقدس موقعوں پر ماہرین صحت کے مشوروں ، رہنما اصولوں اور پروٹوکول پر سختی سے عمل پیرا رہنے کی تاکید کی۔ اُنہوں نے کہا ’’ ایس او پیز پرسختی سے عمل پیرا ہونے سے ہم اِس وَبائی مرض کو اِجتماعی طور پر شکست دینے میں معاون ثابت ہوں گے تاکہ اِنسانیت ایک بار پھر فلاح پائے۔‘‘اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اَپنے آپ کو کورونا وائرس حفاظتی ٹیکے لگوائیں جس سے آخر کار ان کے مدافعتی نظام کو تقویت مل سکے گی تاکہ وہ اس بیماری کے خاتمے میں مدد کرسکیں۔مشیر موصوف نے یہ اُمید ظاہر کی کہ اس مقدس موقعہ سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کے بندھن کو تقویت ملے گی اور جموں و کشمیر میں امن ، ترقی اور خوشحالی کی راہ ہموار ہوگی۔مشیر موصوف نے جموں و کشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے بھی دعا کی۔ نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعتہ الوداع کی تقریب سعید پر عالم اسلام خصوصاً جموں وکشمیر کے مسلمانوں کو ہدیہ تہنیت پیش کی ہے۔ڈاکٹر فاروق نے جموں وکشمیر کے فرزندانِ توحید سے اپیل کی کہ وہ رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران عالم انسانیت کو کورونا وائرس کی صورتحال میں درپیش مصائب و مشکلات سے نجات کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو سال سے اہل کشمیر اقتصادی اور معاشی بدحالی کا شکار ہیں اور لاکھوں افراد اپنا روزگار کھو بیٹھے ہیں۔ ایسے میں ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم مستحق افراد کی مدد کیلئے آگے آئیں۔ انہوں نے صاحب ثروت لوگوں سے اپیل کی کہ وہ موجودہ حالات کے پیش نظر مفلس، نادار اور غریبوں کی مدد کیلئے ماضی کی طرح پیش پیش رہیں۔ اپنی پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر اورمیڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی نے جمعۃ الوداع کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ کورونا سے نجات کیلئے اللہ کے حضور دعا کریں ۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی اس تباہ کن لہر کے بیچ ایس او پیز پر مکمل عمل کریں۔جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے جمعتہ الوداع کے موقعے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن بے شمار فضائل اور نعمتوں کا دن ہے ۔آج کے دن اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی مغفرت کرتا ہے اسی لئے اس دن کی عالم اسلام میں ایک خاص اہمیت ہے۔انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اس دن کی اہمیت کو سمجھ کر عبادات میں محو رہیں۔ مولانا ہمدانی نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے مسلمانوں کی عزت و آبرو، امن و سلامتی اور کورونا وائرس سے نجات کیلئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی۔ ادھرحقانی میموریل ٹرسٹ نے جمعتہ الوداع کے موقعہ پر فرزندان توحید کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان سے اپیل کی کہ کوروناوائرس سے نجات کیلئے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں سربسجود ہوجائیں۔ ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی نے دعا کی ہے کہ اللہ کرے کہ جمعۃ الوداع کورونا وائرس سمیت دیگر تمام مصائب سے نجات کا ذریعہ بنے۔انہوں نے امید ظاہر کی یہ دن جموں کشمیر کی سبھی پریشانیوں کے لئے بھی نجات کا باعث بنے۔