جعلی خبریںپھیلانے کے مرتکب اَفراد کے خلاف کارروائی کاانتباہ
جموں//حکومت جموں وکشمیر نے ایس ۔ آر۔ او ، 64 ڈی آر ڈبلیو، کی باقاعدگی سے متعلق جعلی خط کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارموںپر گردش کررہا ہے۔ چیف سیکرٹری دفتر نے واضح کیا کہ خط کا مواد جعلی ہے اور سرکاری توثیق سے خالی ہے۔جعلی خبروں اور غلط معلومات کے مرتکب اَفراد کو جھوٹی اِشاعت اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کے تحت سخت قانونی کارروائی کا انتباہ کیا گیاہے جو آئی پی سی اور اِنفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2000 کی دفعات کے تحت قید اور جرمانے کی سزاپرمشتمل ہے۔
کووِڈ- 19منیجمنٹ کے نکات | پانی باربار پیتے رہیں اور آکسیجن سچیوریشن سطح کی نگرانی کریں
جموں// کووِڈ۔19 متعدی مرض کی نمایاں علامات بخار ، گلے کی سوزش ، بھوک میں کمی اور تھکاوٹ ہیں۔ اگر ان میں سے کسی کا سامنا ہے تو اَب خود کو الگ تھلگ کرنے اور کووِڈ۔ 19 ٹیسٹ کرنے کا وقت آگیا ہے۔اس بات کی جانکاری ڈاکٹر فیاض احمد وانی پروفیسر شعبہ میڈیسن گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں نے دی۔انہوں نے کہا کہ کووِڈ۔19 کا بروقت اِنتظام بحالی اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔ڈاکٹر فیاض احمد وانی نے لوگوں کو ہلکی علامات کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ بار بار پانی پیتے رہیں اور دن کے دوران متعدد بار آکسیجن سچیوریشن سطح کی نگرانی کریں۔ آکسیجن سطح 94 سے اوپر محفوظ ہیں اور صرف جب سچیوریشن سطح 94 اور 90 کے درمیان گر جاتی ہے ، تو وقت آگیا ہے کہ ہوشیار ہوجائے اور اس سطح کو زیادہ کثرت سے چیک کریں۔پروفیسر نے متنبہ کیا کہ اگر آکسیجن سچیوریشن کی سطح 90 سے نیچے آ جاتی ہے تو اَب یہ ہسپتال میں داخل کرنے اور ماہرین صحت سے علاج کرنے کا وقت آگیا ہے۔اُنہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کووِڈ سے متعلق کسی بھی سوال کے لئے ہیلپ لائن نمبر0191 2571616 پر فون کریں۔ 0191-2520982, 2549676, 2674444, 2674115, 2674908 پر لوگ ڈویژنل کنٹرول روم پر بھی کال کرسکتے ہیں۔عوام کو یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ جے کے گورنمنٹ نے گلستان چینل پر براہ راست فون اِن ہیلتھ پروگرام شروع کیا ہے جو روزانہ صبح 8:30 سے صبح 9 بجے اور شام8:30 بجے سے 9 بجے تک روزانہ دو بار ٹیلی کاسٹ کیا جاتا ہے۔پروگرام کے دوران نامور ڈاکٹرلوگوں کی فون کالز لیتے ہیں اورعوام الناس کووِڈ ٹریٹمنٹ ، گھریلو آئیسولیشن اور دیگر غیر کووِڈ صحت سے متعلق مسائل سے متعلق معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر سرینگر کاحکم | نازک مریضوں کاڈاٹاجمع کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل
سرینگر//ڈپٹی کمشنر سرینگر جوڈسٹرکٹ ڈزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی سرینگر کے چیئرمین بھی ہیں،نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جوکینسر،گردو ں کی بیماری،ہڈیوں کی جراحی وغیرہ کے مریضوں کے اعدادوشمار کاڈاٹاتیار کرے گی۔اس سلسلے میں جاری کئے گئے حکم میں کہاگیا ہے کہ کمیٹی ایسے تمام مریضوں کاڈاٹاتیار کرے گی اوراس بات کویقینی بنایا جائے گاکہ ان مریضوں کو بروقت علاج مہیا ہواور اس کے بعد بھی ان مریضوں کی نگہداشت کا بندوبست کیا جائے۔حکم کے مطابق اس کمیٹی کی سربراہی سرینگر کے اسسٹنٹ کمشنر مال کریں گے اورچیف میڈیکل افسرسرینگر اس کے ممبرسیکریٹری ہوں گے جبکہ ڈسٹرکٹ سٹیٹسٹکس اینڈایویلویشن افسر،ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر،ڈسٹرکٹ ٹیکہ کاری افسر،سکمزکے نمائندے اورمعاون اسپتالوں کے نمائندے کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔حکم کے مطابق ڈسٹرکٹ ڈزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ یہ قدم سرینگرمیں کووِڈ- 19معاملوں میں اُچھال کے بعد کیاگیااوراگرچہ کووِڈ مریضوں کاعلاج ترجیح ہے لیکن ایسے بیماروں کا مناسب طبی نگہداشت فراہم کرنا بھی لازمی ہے۔ڈسٹرکٹ ڈزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ ایسے مریضوں کی حالت خراب نہ ہوجائے اس کیلئے ایک نظام ترتیب دینا بھی ضروری ہے۔حکم میں کہاگیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے کینسرمریضوں جنہیں کیموتھراپی اورریڈیوتھراپی ،گردوں کے فیل ہوجانے والے مریضوں کیلئے ڈائیالسز،کینسر مریضوں کی جراحی ،بچوں کی ٹیکہ کاری ،مریضوں جنہیں ہنگامی آرتھوسرجری کی ضرورت ہے،کیلئے یہ پہل کی ہے،تاکہ ایسے مریضوں کوبروقت علاج مل سکے۔
تمام سیاسی قیدیوں کورہا کیا جائے: کمال
سرینگر// نیشنل کانفرنس نے عدالت عظمیٰ کی طرف سے جیل خانوں میں اسیر قیدیوں کی پیرول پر رہائی کے احکامات کا خیر مقدم کرتے ہوئے تمام سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ حکومت کو عدالت عظمیٰ کے احکامات پر عمل پیرا ہوکر قیدیوں کی رہائی عمل میں لانی چاہئے خصوصاً کشمیری سیاسی اسیران کو فوری طور پر رہا کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر اور بیرونی ریاستوں میں قید کشمیریوں کے اہل خانہ اپنے عزیزوں کی صحت یابی اور سلامتی کو لیکر انتہائی تشویش میں مبتلا ہیں۔ بیرونی ریاستوں میں قائم جیلوں میں کورونا کے وائرس کے پھیلائو کی جو رپورٹیں آرہی ہیں اُنہوں نے قیدیوں کے اہل خانہ کے تشویش کو مزید بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ تمام جیلوں میں قید کشمیریوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
اننت ناگ کے اسپتالوں میں طبی آکسیجن کی فراہمی | افسروں کی کمیٹی سپلائی کوباضابطہ بنانے کیلئے تشکیل
اننت ناگ//ڈپٹی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے طبی اداروں کو میڈیکل آکسیجن کی فراہمی کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات جاری کئے ہیں جو اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ضلع میں طبی اداروں کوآکسیجن کی سپلائی منصفانہ طریقے سے کی جارہی ہے۔حکم کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر مال سیدیاسر،ضلع لیگل میٹرولوجیکل افسرسنیل ہتاش ،دائوحبیب اور ڈرگ انسپکٹرعاشق حسین اس کمیٹی میں شامل ہوں گے جوضلع کے سرکاری اسپتالوں میں آکسی جن سلینڈروں کی مانگ اور سپلائی کواستدلالی بنائے گی۔یہ احکامات ضلع میں طبی اداروں کو میڈیکل آکسیجن کی سپلائی کوباضابطہ بنانے کیلئے جاری کئے گئے۔کمیٹی روزانہ آکسیجن سلینڈروں کاحساب رکھے گی ۔حکم کے مطابق آکسیجن سلینڈروں کوپھر سے بھرنے کیلئے ضابطہ بنایا گیا ہے اور ترجیحی طور میڈیکل کالج اننت ناگ،ٹرامااسپتال بجبہاڑہ،این ٹی پی ایچ سی آکورہ،سب ضلع اسپتالوں اور نجی نرسنگ ہوموں کوآکسیجن فراہم کیاجائے گا۔حکم میں کہا گیا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر مال کی اجازت کے بغیرفہرست سے باہر کسی بھی سلینڈر میں آکسیجن نہیں بھراجائے گا۔ حکم میں طبی اداروں سے کہاگیا ہے کہ وہ پہلے سے ہی اپنی ضروریات کوکمیٹی کوروزانہ پیش کریں ۔ڈپٹی کمشنر نے کمیٹی کو ضلع میں کووِڈ اسپتالوں میں آکسیجن کی دستیابی کی نگرانی اور آڈٹ کرنے کابھی اختیار دیا ہے ۔حکم کے مطابق ان کمیٹیوں کی سربراہی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر غلام حسن اور چیف ایگریکلچرافسرسیدوسیم بالترتیب میڈیکل کالج اننت ناگ اور ٹرامااسپتال بجبہاڑہ کیلئے ان کمیٹیوں کی سربراہی کریں گے ۔
پروفیسر مسعودی کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ دواسازی کے سربراہ مقرر
سرینگر///پروفیسرمبشرکشمیریونیورسٹی کے دواسازی سائنس کے شعبہ کے سربراہ مقرر کئے گئے۔ پروفیسر مبشر حسین مسعودی نے دواسازی کے سائنس میں جامعہ ہمدرد سے پی یچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے جبکہ اس کے بعدانہوں نے امریکہ میں بھی اس شعبے میں مزیدتحقیقی کام کیا ہے۔پروفیسر مسعودی کو تدریس کابیس برس کا تجربہ ہے اورانہیں کئی قومی اور بین الاقوامی اعزازات سے نوازاگیاہے۔انہوں نے آیوش اوریونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی طرف سے منظور کئے گئے کئی تحقیقی پروجیکٹوں کو مکمل کیا ہے اوران کے75 سے زیادہ تحقیقی مقالے قومی اوربین الاقوامی جریدوں میں شائع ہوچکے ہیں۔
شانگس اور اچھ بل اسپتالوں میں ناکافی سہولیات ؛پیپلزکانفرنس
سرینگر//سابق رکن قانون ساز اورپیپلزکانفرنس کے سینئررکن منصورحسین سہروردی نے شانگس اور اچھ بل کے سب ضلع اسپتالوں میں کووڈ – 19مریضوں کوفراہم کی جارہی ناکافی سہولیات پر تشویش کااظہار کیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اچھ بل اور شانگس سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ان علاقوں میں سب ضلع اسپتالوں میں کووِڈ مریضوں کیلئے ناکافی ڈھانچے کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کاسامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شانگس کے کراڈعلاقے کو کورونا معاملوں میں زبردست اُچھال کے بعد ریڈزون قرار دیا گیا ہے جو فکرمندی کاباعث ہے۔انہوں نے کہا کہ وقت کاتقاضا ہے کہ ان اسپتالوں کو ضلع اسپتال اننت ناگ سمیت تمام سہولیات سے لیس کیا جائے تاکہ یہاں کورونامریضوں کابہتر علاج ہوسکے۔پیپلزکانفرنس کے لیڈر نے حکومت پرزوردیا کہ وہ آشاورکروں کے مطالبے پت ہمدردانہ غور کریں کیوں کہ وہ موجودہ بحران میںلگن اور تندہی سے اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔
لاک ڈائون کی خلاف ورزیاں | 11گرفتار،10ایف آئی آر درج،677پر جرمانہ عائد
سرینگر//کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پھوٹ پڑنے کے بعد سے پولیس نے لوگوں کو اس بیماری سے متعلق آگاہی دلانے کی کوششیں تیزکردی ہیں۔اس سلسلے میں دفعہ144کے نفاذ کے علاوہ کئی اقدام کئے گئے تاکہ کورونا وائرس کی وباء کو پھیلنے سے روکا جائے۔وادی کشمیر میں کورونا معاملوں میں روزانہ ریکارڈ اضافے کے مدنظر پولیس نے بھی وادی بھر میں کووِڈرہنماخطوط اورپابندیوں کو عملانے کی کوششوں کوتیزکردیا ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پولیس نے گیارہ افراد کوگرفتار کرکے دس ایف آئی آر درج کئے اورلاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والے677افراد سے 88050روپے جرمانہ وصول کیا۔اس کے علاوہ بڈگام میں کورونا لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے پر دوگاڑیوں کو بھی ضبط کیاگیاجو غیرقانونی کان کنی میں استعمال کی جارہی تھیں ۔کولگام میں پولیس نے کووِڈ ضابطوں کوتوڑنے پر بارہ دکانداروں کے خلاف کیس درج کیا۔وادی کے تمام اضلاع میں کووِڈ لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف خصوصی مہم جاری رہی تاکہ لوگوں کو کوروناسے بچائو کے متعلق رہنماخطوط پر عملدرآمد کیلئے آمادہ کیا جائے۔پولیس نے سماج کے باشعور افراد سے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ وہ کورونا لاک ڈائوں کوکامیاب بنانے کیلئے اپنا تعاون دیں تاکہ اس وبائی بیماری کوپھیلنے سے روکا جائے۔
بڈگام میں غیرقانونی کان کنی،2افراد گرفتار
بڈگام//بڈگام میں پولیس نے لاک ڈائون کے دوران غیرقانونی طور کان کنی کرنے پر دوافراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف کیس درج کیا جبکہ ایک ٹپراورجے سی بی بھی پولیس نے ضبط کیا۔ سی این آئی نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن خان صاحب نے ضلع میں لاک ڈائون کے دوران غیرقانونی طور کان کنی کرنے پر دوافراد کو گرفتار کیا اور ان کی طرف سے کان کنی کیلئے استعمال میں لائی جارہی گاڑیا ں بھی ضبط کی گئیں۔اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن خانصاحب میں ایف آئی آر زیرنمبر80/2021درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
کابل حملہ افسوسناک: آغا حسن/ مولانا قمی
سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن اورپیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے افغانستان میں شیعہ برادری پر ہوئے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس سانحہ کو افسوسناک قرار دیا۔آغا حسن نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہزارہ برادری کے علاقے میں اسکولی طلاب پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس سانحہ میں قیمتی جانوں کے زیاں پر گہرے صدمے کا اظہار کیا اور سانحہ میں جان بحق طلاب کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مقاصد اور نظریاتی اختلاف پر معصوم طلاب کو دہشتگردی کا نشانہ بنانا انتہائی تکلیف دہ اور ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ قوتیں افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کو اپنے مفادات کے منافی تصور کرتی ہیں اور چاہتی ہیں کہ افغانستان میں تشدد اور قتل عام کے واقعات کا سلسلہ جاری رہے ۔انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک کے دوران اس طرح کی انسانیت سوز کاروائیاں کچھ زیادہ ہی روح فرسا ہیں۔ مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں نمازیوں پر جبر و تشدد اور مسجد کی بے حرمتی کے حالیہ سانحہ پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ اس طرح کی اسلام و انسانیت دشمن کاروائیوں سے فلسطینی مسلمانوں کو مسجد اقصیٰ میں عبادت کے حقوق سے دست بردار نہیں کیا جا سکتا ۔پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے افغانستان میں ہوئے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس سانحہ کو افسوسناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امریکہ کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اب جب انہیں افغانستان سے مکمل انخلا کا وقت آگیاہے تو وہ زرخرید ایجنٹوں کے ذریعے افغانستان میں دہشتگردانہ کاروائیاں انجام دے رہے ہیں اور انخلا کی راہ میں روڑے اٹکا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے ،بے گناہ روزہ داروںکو بموں ،توپوں اور گولیوں کا نشانہ بنانا اسلامی اصول و قوانین کی کھلے عام خلاف ورزی ہے ۔
مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پرحملہ بدترین کاروائی:حافظ اشرفی
سرینگر//انجن علماء و ائمہ مساجد نے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر حملے کو بدترین قسم کے ظلم سے تعبیر کیا ہے ۔انجمن کے سربراہ حافظ عبدالرحان اشرفی نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل فوج نے مسجد اقصی کے صحن میں نمازیوں پر جارحانہ حملے کرکے اپنی بزدلی کا ثبوت دیا ہے۔انہوں نے اسرائیلی کارروائی کی مذمت کی جس میں دوسو سے زائد فلسطینی مسلمان شدید زخمی ہوئے ہیں جن میں اکثر کی آ نکھیں ،چہرے اور سروں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے ان مقدس ایام میں عبادت گزاروں پر حملہ بدترین قسم کی دہشت گردی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسجد اقصیٰ میں جوکچھ ہورہاہے وہ بین الاقوامی سطح پر ہوئے معاہدے اور مسلمانوں کے جذبات کی تذلیل ہے اوراس پر عالمی برادری کی خاموشی شرمناک اور عالم انسانیت کیلئے تشویشناک امرہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔
یاگی پورہ ماگام میںفوڈ کٹ تقسیم
سرینگر// پولیس نے یاگی پورہ ماگام میںضرورت مند مائیگرنٹ خاندانوں میںفوڈ کٹ تقسیم کئے۔تقسیم کاری کی تقریب ایس ایچ او ماگام کی قیادت میں منعقد ہوئی جبکہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ایک ایک کٹ میں آٹا 5 کلو ، ہلدی 1 کلو ، دال 1 کلو ، چینی 1 کلو ، مرچ پاؤڈر 1 کلو ، نمک 1 کلو ، امول دودھ 1 لیٹر، ، بسکٹ 12 پیکٹ ، صابن 4 عدد ، ٹوتھ پیسٹ 1نمبر، کھانے کا تیل 1لیٹراور چائے وغیرہ شامل ہیں۔ بڈگام پولیس نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پولیس لوگوں کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے اور شرکاء کو یقین دلایا کہ اس طرح کے مزید پروگرام ضلع میں چلائے جائیں گے۔
چراشریف میں شہری چرس سمیت گرفتار
سرینگر//پولیس نے چرارشریف بڈگام میں ایک شہری کو چرس سمیت گرفتار کیا ہے۔چرارشریف تھانہ کی پولیس پارٹی نے ایک مشتبہ شخص کو روک کر تلاشی لی ۔تلاشی کارروائی کے دوران ان کے قبضے سے210گرام چرس بر آمد کر لیا گیا ۔ گرفتار کئے گئے شخص کی شناخت میسر احمد میر ساکن دلوان پکھر پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔چرار شریف تھانہ میںاس سلسلے میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 37/2021 کے تحت درج کرلیا ہے۔
قانونی مسودہ تیار کرنا: ایک اہم مہارت | آرینز کالج میں ایک ویبنارکا اہتمام
سرینگر//آرینز کالج نے ’’قانونی مسودہ تیار کرنا: ایک اہم مہارت‘‘ کے عنوان سے ایک ویبنار منعقد کیا۔ مہیشوری موہن نے کلیدی خطبہ دیا جبکہ ڈاکٹر انشو کٹاریہ ، چیئر مین آرئنز گروپ نے ویبنار کی صدارت کی۔مہیشوری نے طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قانونی میدان میں ہمیں اپنے خیالات کو اس انداز میں تحریری طور پر منتقل کرنے کے قابل ہونا چاہئے کہ جو ہم سوچ رہے ہیں اس کی صحیح ترجمانی کریں۔ زبان قانون کے پیشے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ ججز ، وکلاء ، قانون سازلالچ دینے والے اور دوسرے الفاظ دلانے ، آگاہ کرنے ، وکالت کرنے اور بحث کرنے کیلئے الفاظ استعمال کرتے ہیں۔ اسلئے انہوں نے بحث کی ۔انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ قانونی مسودے میں عبور حاصل کرنے میں وقت اور مشق درکار ہے لیکن تحریری طور پر اعلیٰ صلاحیتیں کامیابی کیلئے ضروری ہیں اور آپ اپنی اصلاح کیلئے اقدامات اٹھاسکتے ہیں۔ مسودہ تیار کرتے وقت ، اپنے سامعین کو یاد رکھیں ، اپنی تحریر کو ترتیب دیں ، متفق ہوں ، اچھے الفاظ استعمال کریں ، غیر فعال آواز سے اجتناب کریں ۔طالب علموں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانونی تحریر عملی طور پر کام کرتی ہے لیکن آپ صرف دستاویزات پڑھ کر بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں ۔ آپ کی قانونی تحریر صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لئے سب سے بہترین مشورہ یہ ہے کہ ہر دن مشق کریں۔
کھاگ میں غیر قانونی لکڑی ضبط
بڈگام//ارشاد احمد//کھاگ بڈگام میں پولیس نے بغیر نمبر پلیٹ ایک ٹاٹا موبائل گاڑی میں غیر قانونی طور پر لدی ہوئی لاکھوں روپے مالیت کی لکڑی ضبط کی اورایک شہری کو گرفتار کیا۔ایس ایچ او کھاگ نے بتایا کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات کو کھاگ سے ملحقہ علاقہ پوشکر میں ایک ناکہ پربغیر نمبر پلیٹ ٹاٹا موبائل گاڑی کو روک لیا گیا۔اس موقع پر ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس کی بروقت کارروائی میں گاڑی کو روک لیا گیا۔گاڑی کی تلاشی کے دوران گاڑی میںغیر قانونی طور پر کاٹی گئی تعمیراتی لکڑی پائی گئی۔مذکورہ گاڑی کا ڈرائیورکوئی دستاویز پیش کرنے میں ناکام رہاجس کے بعد ڈرائیور کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جس کی شناخت ہلال احمد ریسرے ساکن ہامچی پورہ کھاگ بڈگام کے طور پر ہوئی۔اس سلسلے میں کھاگ تھانہ میں قانون کے متعلقہ دفعات کے تحت کیس زیر نمبر 26/2021 درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
اسٹیٹ الیکشن کمشنر اور نیشنل کانفرنس کاڈاکٹر شمیم احمد وانی کے اِنتقال پر اِظہار تعزیت
جموں//سٹیٹ الیکشن کمشنر کے کے شرما نے سینئر کے اے ایس آفیسر شمیم احمد وانی کے اِنتقال پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا ہے ،جن کا گزشتہ صبح کووِڈکے سبب جموں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال میں اِنتقال ہوگیا۔انہوں نے مذکورہ افسر سے اپنی وابستگی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ شمیم احمد وانی ایک محنتی ، قابل اور نرم لہجے سے کلام کرنے والے آفیسر تھے۔ایس ای سی نے کہاکہ مرحوم نے جموںوکشمیر کی صنعتوں اور تجارتی شعبے کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے روڈ میپ تیا ر کرنے کے لئے گزشتہ برس حکومت کی تشکیل کردہ کمیٹی میں بڑے عزم اور پیشہ ورانہ خدمات انجام دیں ۔ انہوںنے مرحوم کی روح کے اَبدی سکون کے لئے دعا کی۔ نیشنل کانفرنس کی سینئر لیڈر سکینہ ایتو، ضلع صدر کولگام ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی اور ترجمان عمران نبی ڈار نے سینئر کے اے ایس افسر شمیم احمد وانی کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگواران کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی ہے۔
مبارک گل کا اظہارتعزیت
سرینگر / چیئرمین جموں و کشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی مبارک گل، چیئرمین شمالی کشمیر خواجہ محمد شفیع اور ضلع چیئرمین بارہمولہ عبدالمجید آخون، جوائنٹ سیکریٹری شمالی کشمیر اشفاق احمد لون،ضلع آرگنائزر بارہمولہ ندیم اکبر عباسی، تحصیل چیئرمین اوڑی بشیر احمد وتھلو،وائس چیئرمین تحصیل اوڑی ارشاد احمد بڈو،تحصیل کوآرڈی نیٹر اوڑی یاسر عرفات بانڈے نے مرحوم حاجی محمد اشرف خان ساکن سلام باد اوڑی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کے لئے دعا کی اور جملہ سوگواران سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے فرزند شوکت احمد خان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر فاروق کا بانڈے خانوادے کے ساتھ کا اظہارِ تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے درگاہ حضرت بل کی معروف دینی ، سماجی اور سیاسی شخصیت مرحوم حسام الدین بانڈے (سابق نشاندہ حضرت بل) کے فرزند فاروق احمد بانڈے اور درگارہ حضرت بل کے امام حی کمال الدین فاروقی کی ہمشیرہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحومین کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی ۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر صوبائی نائب صدر محمد سعید آخون، ضلع صدر سرینگر پیر آفاق احمد اور یوتھ صدر سلمان علی ساگر نے بھی سوگواران کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔
این ایچ ایم ملازمین3ماہ کی اجرتوں سے محروم
سرینگر// جموں و کشمیر کے مختلف اسپتالوں میں تعینات نیشنل ہیلتھ مشن (این ایچ ایم) کے تحت کام کرنے والے کارکنوں کوسخت مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ ان کی تین مہینوں کی تنخواہیں واجب الادا ہیں۔جے کے این ایچ ایم ای اے کے ترجمان اعلیٰ عبدالرئوف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی اجرتوں کو مارچ کے بعد ادا نہیں کیاگیا ہے جس کی وجہ سے وہ ذہنی پریشانی سے دوچار ہیں۔انہوں نے کہا’’اس وبائی دور میں ہمارے اہل خانہ مشکلات کا شکار ہیں۔ ہمارے گھروں میں تو اشیائے ضروریہ کی قلت بھی پیدا ہوگئی ہے‘‘۔ترجمان نے کہا’’ لاک ڈاؤن کے نتیجے میں اخراجات میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ ہمیں اسپتالوں اور نجی ہسپتالوں میں پہنچنے کا بندوبست کرنا پڑتا ہے اور پھر اپنی جائز اجرت کیلئے بھیک مانگنا پڑتا ہے جو شرم کی بات ہے‘‘۔انہوں نے کہا ’’ جب ہم پہلے ہی مقروض ہیں اور ہماری جیب میں ایک پیسہ بھی نہیںہے تو عید کے انتظامات کیسے کریں گے؟۔انہوں نے حکومت پر بے حسی اور لاپرواہی کا الزام لگایا۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی کہ اُن کے خدشات پر توجہ دی جائے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر اُن کی اجرت دو دن میں جاری نہ کی گئی تو وہ عید کے دن احتجاج کرنے پر مجبور ہوسکتے ہیں۔