سرینگر// کورونا کرفیو کے 10ویں روز اتوار کو جموں کشمیرکے سبھی 20اضلاع میں روزمرہ زندگی بدستور مفلوج رہی۔گذشتہ 10روز سے یونین ٹریٹری میں ہر طرح کے کاروباری و تجارتی مراکز مقفل ہیں،جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی مکمل طور پر بند ہے۔اتنا ہی نہیں بلکہ جموں کشمیر میں قریب 150سے زائد مقامات میں محدود بندشیں عائد ہیں۔ان میں سے زیادہ تر وادی کشمیر میں موجود ہیں جن کی تعد ا د95 ہے۔ صرف سرینگر شہر میں ابتک 45مقامات میں سمارٹ لاک ڈائون کیا گیا ہے۔اتوار کو دسویں روز بھیسبھی اضلاع میں سختی سے لاک ڈائون نافذ رہا۔ جموں کشمیر انتظامیہ نے پہلے ہی سکول، کالجز، یونیورسٹیاں، کوچنگ مراکز اور دیگر پیشہ ورانہ تعلیمی ادارے بند کردیئے ہیں۔اسکے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ بس اڈے یا دیگر چھوٹی مسافر گاڑیوں کے اڈے ویران ہوگئے ہیں اور کہیں پر بھی کوئی بھیڑ نظر نہیں آرہی ہے۔جموں کشمیر کے مختلف شہروں و قصبوں میں صرف سبزیوں، دودھ اور ادویات کی دکانہیں کھلی ہوئی ہیں۔رستوران ، ہوٹل اورگیسٹ ہاو س بھی تالہ بندہیں ۔البتہ بانہال ٹرین سروس چالو ہے جہاں سے ہر روز سینکڑوں لوگ سفر کررہے ہیں جن کی کوئی کوویڈ جانچ نہیں کی جاتی ہے کیونکہ طبی عملہ کی کمی کے پیش نظر بانہال ریلوے سٹیشن پر کوویڈ ٹیسٹنگ سہولیات کو حکام نے بند کردیا ہے۔ پورے جموں کشمیر میں کورونا لاک ڈائون سے سرکاری دفاتر میں برائے نام حاضری رہ گئی ہے جبکہ دیگر پرائیوٹ ادارے تقریباً بند پڑے ہیں۔حکام کی جانب سے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی اپیلیں کی جارہی ہیں تاکہ کورونا کی زنجیر کو توڑا جاسکے۔جموں اور کشمیر میں صرف نجی گاڑیاں ہی سڑکوں پر دوڑ رہی ہیں اور انکی تعداد بھی بہت کم ہے۔عام لوگوں کی نقل و حرکت بھی بہت حد تک محدود ہوگئی ہے ۔ مجموعی طور پر جموں کشمیرکے بیشتر اضلاع میںکورونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت کے ساتھ ہی مسلسل دسویں روز بھی کورونا کرفیو سے ہر سو سناٹارہا۔ پولیس و انتظامیہ کی جانب سے کورونا سے متعلق معیاری عملیاتی طریقہ کار اور رہنما اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ گزشتہ24گھنٹوں کے دوران10کیسوں کا اندراج عمل میں لیا۔پولیس کے مطابق کرونا ضوابط اور معیاری عملیاتی طریقہ کار کی خلاف ورزی کرنے والے677 افراد سے88ہزار50روپے کا جرمانہ وصول کیا۔ بڈگام میں2گاڑیوں کو بھی ضبط کیا جبکہ12دکانداروں کے خلاف بھی کاروائی عمل میں لائی۔پولیس نے بتایا کہ کرونا سے متعلق رہنما اصول اور معیاری عملیاتی طریقہ کاروں کی پاسداری کو یقینی بنانے کیلئے کاروائی جاری ہے۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کرونا ضوابط کی پیروی کریں۔