راجوری //سرحدی ضلع راجوری میں کووڈ سے مزید ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ ضلع بھر سے وائرس سے متاثر ہوئے 211نئے کیس درج کئے گئے ہیں ۔انتظامیہ نے نئے کیسوں کو دیکھتے ہوئے 6مزید علاقوں کو ریڈ زون قرار دے دیا ہے ۔سرکار ی ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ضلع کے سوانی علاقہ سے ایک 31سالہ نوجوان جو کہ میڈیکل کالج راجوری میں زیر علا ج تھا ،کی اتوار کو موت واقعہ ہو گئی جبکہ اسی طرح جگلوانوں علاقہ میں اپنے ہی گھر میں قرنطینہ کئے گئے ایک شخص کی بھی موت واقعہ ہو گئی ۔انہوں نے بتایا کہ راجوری قصبہ کی وارڈ نمبر 13کی ایک 78سالہ خاتون جوکہ میڈیکل کالج میں زیر علاج تھی ،کی موت ہوئی ہے جبکہ ضلع میں گزشتہ روز کل 3اموات ہوئی ہیں ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری شیر سنگھ نے بتایا کہ ضلع میں گزشتہ روز کل 211نئے کیس سامنے آئے ہیں جن میں سے 210مقامی افراد کووڈ کا شکار ہو ئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سندر بنی سے 61،نوشہرہ سے 50راجوری سے 39کالا کوٹ سے 35درہال سے 15اور کنڈی سے 11افراد کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا ہے ۔انہوں نے لوگوں سے تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ وائرس سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔