ضروری اشیاءکی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر روک لگانے کا مطالبہ
جموں //آل جموں وکشمیر شرنارتھی فورم کے اراکین نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کووڈ کے پھیلاﺅ کے دوران ضروری اشیاءکی ناجائز طریقہ سے بڑھائی گئی قیمتوں پر جلدازجلد روک لگائی جائے ۔اس سلسلہ میں آل جموں وکشمیر شرنارتھی فورم کے اراکین کا ایک اجلاس امریک سنگھ کی قیادت میں منعقد ہوا جس میں فورم کے جنرل سیکریٹری ایس سرجیت سنگھ ودیگر اراکین بھی موجود تھے ۔اراکین نے جموں وکشمیر میں کووڈ کی وجہ سے پید ا ہوئی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی ۔اس دوران اراکین نے کہاکہ جموں وکشمیر بالخصوص جموں صوبہ میں تمام ضروری اشیاءکی قیمتوں میں دوگنا اضافہ ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ سبزیوں سے لے کر دیگر اشیاءخوردنی کی اضافہ قیمتیں وصول کی جارہی ہیں تاہم انتظامیہ کی جانب سے ناجائز منافع خوری پر قابو پانے کےلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایاکہ ناجائز منافع خوری اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ عام آدمی کا جینا مشکل ہونا شروع ہو گیا ہے ۔اراکین نے کہاکہ کووڈ لاک ڈاﺅن سے قبل 20روپے کلو فروخت ہونے والے پھلوں و سیزیوں کےساتھ ساتھ آٹے اور چاولوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے ۔فورم اراکین نے کہاکہ کشمیر خطہ میں انتظامیہ کی جانب سے مارکیٹوں کا معائینہ کیاجارہا ہے لیکن جموں میں اس قدم کا مکمل فقدان پایا جارہا ہے جس کی وجہ سے غریب کنبوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔اجلاس میں اندر سنگھ ،ایس پریم جیت سنگھ نصیب سنگھ ،کلدیپ سنگھ ،بو پیندر سنگھ ،ایس مہندر سنگھ ،کلدیپ سنگھ ککو ،ہر بھجن سنگھ ودیگران بھی موجود تھے ۔
ضروری ادویات کےلئے پولیس کی ہیلپ لائن دوبارہ شروع
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی //جموں وکشمیر پولیس نے راجوری ضلع میں کووڈ لاک ڈاﺅن کو دیکھتے ہوئے مریضوں کےلئے ادویات کی فراہمی کے سلسلہ میں ہیلپ لائن کو دوبارہ سے شروع کر دیا گیا ہے ۔پولیس کی جانب سے اس سلسلہ میں جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کچھ افراد ایسے ہیں جن کو ادویات کی اشد ضرورت رہتی ہے تاہم وہ ضروری ادویات کی خریداری کےلئے باہر نہیں آسکتے ہیں ۔پولیس نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ایک ہیلپ لائن شروع کر دی گئی ہے جبکہ مریض ضروری ادویات کے سلسلہ میں دئیے گئے نمبر (+916005046553)پر رابطہ قائم کر سکتے ہیں ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس تھانہ راجوری (جس میں پولیس پوسٹ چنگس ناریاں اور سٹی تھانہ راجوری شامل ہیں) کے علاقے میں کوئی بھی ضرورت مند شخص مذکورہ نمبر پر کال کرسکتا ہے اور درکار ادویات کی نشاندہی کرسکتا ہے۔اس طرح ضرورت مند افراد اس سہولت کے ذریعے گھر بیٹھے ضروری ادویات بروقت حاصل کر سکیں گے۔
بندشوں کے دوران تعاون کی اپیل
حسین محتشم
پونچھ//ضلع پولیس پونچھ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ہفتے تک لگائے گئے لاک ڈاو¿ن کے مناسب نفاذ کے لئے پولیس کا تعاون کریں تاکہ کوڈ-19 کے پھیلاﺅ کو مزید بڑھنے سے روکا جا سکے۔ضلع انتظامیہ کی جانب سے پونچھ میں لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے ایک ٹویٹ جس میں انھوں نے جموں کشمیر کے تمام 20اضلاع میں 17مئی تک مکمل لاک ڈون کی ہدایت کی تھی اس کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ضلع پولیس پونچھ نے فوری کارروائی کی۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ایس یاس پی پونچھ نے بتایا کہ پولیس اس بات کو یقینی بنارہے ہیں کہ لاک ڈاو¿ن کے دوران صرف ہنگامی صورت حال کی اجازت دی جائے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے پونچھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں اور لاک ڈاو¿ن کے دوران اپنے گھروں میں محفوظ رہیں۔ انہوں نے اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والی دکان داروں کو ہدایت کی کہ وہ معین وقت تک اپنی دکانیں کھولنے کے بعد بروقت دکانیں بند کریں ۔انہوں نے کہا کہ دیکھنے میں آیاہے کہ اکثر دکاندار پولیس کے ہدایت نامے کی خلاف ورزی کرتے انہوں نے کہا کہ ایسے دکانداروں کے خلاف بہت سی ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ ایس ایس پی پونچھ نے کہا ہم عام لوگوں کے دشمن نہیں ہیں لیکن کوڈ ہدایات پر عمل کرنا ہر ایک کا اولین فرض ہے اور کسی بھی خلاف ورزی کرنے والے کو بخشا نہیں جائے گا لہذا بہتر ہے کہ ان رہنما اصولوں پر عمل کیا جائے۔دریں اثنا ، ایس او ٹریفک پونچھ نے کہا بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے سے لوگوں کو باز رہنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جو کوئی بھی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔
مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی کا حملہ امن عالم کیلئے خطرہ
حسین محتشم
پونچھ// اسرائیلی پولیس کی طرف سے فلسطین میں مسجد الاقصیٰ پر حملہ کو عالمی امن کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے جموں و کشمیر انصاف موو¿منٹ کے چیئر مین جاوید اقبال ریشی نے کہا کہ عالمی برادری کی اس معاملہ میں خاموشی کئی سوالات پیدا کررہی ہے۔ انہوں نے حقوق انسانی کی عالمی تنظیموں سے گزارش کی کہ وہ اسرائیل کے صدر کے خلاف مقدمہ درج کرکے کاروائی عمل میں لائیں جہاں ڈھائی اسرائیلی پولیس کی گولیوں سے ڈھائی سو سے زیادہ لوگ شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا بھی کی۔ انہوں نے مذید عالمی برادری سے فلسطینی عوام کے تحفظ کے لئے فوری اقدام اٹھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ "ایک اسرائیلی عدالت نے جو فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کاحکم دیا اس کے بعد بعد اسرائیلی آباد کاروں نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے ہفتے کے دوران علاقے میں کشیدگی بڑھا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ مسلمانوں کے لئے تیسرا مقدس ترین مقام ہے، جس کی بے حرمتی اور مسلمانوں کا قتل عام دنیا کے 200 کروڑ مسلمانوں کو تکلیف پہنچا رہا ہے۔
پی ایم اے وائی فہرست میںکئی مستحق افراد نظرانداز
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ میں پردھان منتری اواس یوجنا فہرست میں کئی ایک مستحقین کو نظرانداز کیا گیا ہے ۔تحصیل میں پی ایم اے وائی سکیم کے تحت غریبوں کو مکان فراہم کرنے کے لئے 2017-18میں ایک سروئے کیا گیا تھاجس میں تحصیل کی لگ بھگ سبھی پنچایتوں میں بی پی ایل زمرے سے تعلق رکھنے والے کئی مستحق افراد کو فہرست میں شامل ہی نہیں کیا گیا ۔مستحقین نے متعلقہ محکمہ و سروئے کرنے والے ملازمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ نااہلی کی وجہ سے کئی افراد کو مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کردہ سکیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے ۔تحصیل کے گھمبیر مغلا ں ،ککوڑہ ،کوٹلی کالابن ،دھیری رلیوٹ ،دبروٹ منگل ناڑ ،نیلی ودیگر پنچایتوں میں کئی غریبوں کو تیارکرہ فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے ۔لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مستحقین کو فائدہ پہنچانے کےلئے دوبارہ سے سروئے کیا جائے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سروئے میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کےخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
کوٹرنکہ میں صفائی ستھرائی کا فقدان
محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ قصبہ میں صفائی ستھرائی کے فقدان کی وجہ سے مکینوں کی دقتو ں کا لگاتار اضافہ ہو تا جارہا ہے ۔قصبہ میں لاک ڈاﺅن کے دوران گندگی کے ڈھیر جمع ہو تے جارہے ہیں لیکن متعلقہ محکمہ صفائی ستھرائی کی جانب کوئی توجہ ہی نہیں دئے رہا ہے ۔انتظامیہ کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے قصبہ میں دکانداروں کےساتھ ساتھ مکینوں و باہر سے خریداری و مزدوری کےلئے قصبہ کا رخ کرنے والوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو چکا ہے ۔دکانداروں نے مقامی انتظامیہ و متعلقہ محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی موسم میں قصبہ میں صفائی ستھرائی کےلئے سنجیدگی کا مظاہرہ ہی نہیں کیا جارہا ہے تاہم صفائی ستھرائی کے نام پر صرف سرکاری خزانے کو چونا لگایا جارہا ہے ۔غور طلب ہے کہ کوٹرنکہ قصبہ میونسپل کمیٹی کے زیر تحت نہیں لایا گیا ہے جس کی وجہ سے ان کی دیکھ ریکھ محکمہ دیہی ترقی کی ذمہ داری ہے تاہم محکمہ کوڑا کرکٹ اور بد بو سے لوگوں کو نجات دلانے میں ناکام ثابت ہورہاہے ۔مکینوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی عدم توجہ کی وجہ سے کئی نالیاں بند ہو ئی ہیں جس کی وجہ سے بارشوں کے دوران دکانوں و مکانوں میں گندا پانی داخل ہو جاتا ہے ۔انہوں نے اپیل کرتے ہوئے قصبہ میں صفائی ستھرائی کے سلسلہ میں معیاری بندوبست کیا جائے تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکیں ۔
سندر بنی میں تلاشی مہم اختتام پذیر
رمیش کیسر
نوشہرہ // راجوری ضلع کے سندر بنی علاقہ میں مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور فوج کی مشترکہ ٹیم کی جانب سے ایک تلاشی مہم شروع کی گئی تھی جو بغیر کسی نتیجے کے اختتام پذیر ہو گئی ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سندر بنی کے پتراڑہ گاﺅں میں مشکوک نقل و حرکت کے سلسلہ میں اطلاع موصول ہو ئی تھی جس کے بعد فوج اور پولیس نے متحرک ہو کر علاقہ میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کر دی تھی تاہم گزشتہ روز جاری رہنے کے بعد شام کو تلاشی مہم ختم کر دی گئی ۔فوج کے ایک اعلیٰ آفسر نے تلاشی مہم کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مشکوک نقل و حرکت کے بعد اس عمل کو شروع کیا گیا تھا لیکن بغیر کسی نتیجے کے مہم کو ختم کردیا گیا ہے ۔