سوپور//شمالی ضلع بارہمولہ کے سوپور کے مختلف علاقوں کے باشندوں نے اپنے اپنے علاقوں میں پانی کی مناسب فراہمی میں ناکامی پر محکمہ جل شکتی کے خلاف احتجاج کیا۔نیو کالونی ، نور باغ ، بٹپورہ ، خوشحال متو ، مسلم پیر اور دیگر ملحقہ علاقوں کے باشندوں نے بتایا کہ جل شکتی کے عہدیداروں نے ان کی حالت زار کو نظرانداز کردیاہے۔انہوں نے بتایا کہ انہیںپانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے ایک ماہ سے ان علاقوں میں پانی کی قلت ہے۔ خوشحال متو کے عبدالرحیم نامی شہری نے بتایا کہ انہیں ندی نالوںکاپانی استعمال کرنے کیلئے مجبور کیا جاچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ جل شکتی عہدیداروں کی بار بار یقین دہانی اور وعدوں کے باوجود ، رمضان کے اس مقدس مہینے میں بھی انہیں پینے کا صاف پانی فراہم نہیںکیا جا رہا ہے۔ادھر جل شکتی محکمہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ شاکوارہ میں پانی کی اہم پائپ لائن میں نقصان کے سبب قصبے کے کچھ علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تباہ شدہ پائپ لائن کا بڑا حصہ بحال ہوچکا ہے اور مکمل بحالی میں مزید دو دن لگیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہت سارے متاثرہ علاقوں میں پانی کی سپلائی بحال کردی گئی ہے۔