سرینگر//پاکستان کے وزیروزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر اس بات کو دہرایاہے کہ جموں کشمیر سے متعلق 5 اگست کا اقدام واپس لینے تک بھارت سے کوئی بات نہیں ہوگی۔سی این آئی کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں اور مسلمانوں کے ساتھ ظلم ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بار بار سنتا ہوں کہ پاکستان نے بھارت سے بات چیت شروع کردی ہے لیکن آج واضح کرتا ہوں جب تک کشمیر سے متعلق بھارت پانچ اگست 2019 کے اقدامات واپس نہیں لیتا اس سے کوئی بات نہیں ہوگی۔پاکستانی وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے سفارتی عملے نے بہترین کام کیا ہے۔ خاص کر کشمیر کے معاملے میں، شکایات کے ازالے کے لیے اب سفارتخانوں میں بھی پورٹل بنانے کا کہا ہے۔ایک سوال جواب میں انہوں نے کہا کہ پانی کا مسئلہ سارے بڑے شہروں میں چند برسوں میں شروع ہونے والا ہے اور کراچی میں بے ہنگم آبادی کے سبب پانی کا مسئلہ شروع ہوچکا ہے، ہم نے ماسٹر پلان بنائے ہیں، شہروں کو ہائی رائز تعمیرات کی اجازت دے رہے ہیں۔پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے فون کال لینے سے پہلے عوام سے ایک بار پھر کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ اپنی قوم کو تاکید کرتا ہوں کہ ایس او پیز میں سب سے اہم ہے کہ آپ ماسک پہنیں، اس سے 50 فیصد تک کورونا کا پھیلاؤ کم کیا جاسکتا ہے لہٰذا عوام اپنے آپ کو اور اپنے بزرگوں کو بچائیں، اپنی قوم کوبچائیں اور ماسک پہنیں تاکہ ہمیں لاک ڈاؤن نہ کرنا پڑے، اس کا سب سے بڑا نقصان غریب اور دیہاڑی دار طبقے کو ہوتا ہے۔