سرینگر// کورونا کرفیو کے 12ویں روز منگل کو جموں کشمیرکے سبھی 20اضلاع میں عام دنوں کے مقابلے میں لاک ڈائون میں نرمی برتی گئی اور خاص کر شہر سرینگر میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے جزوی ڈھیل دینے کے بعد مارکیٹ بھر گئے اور سماجی دوری کا کوئی لحاظ نہیں رکھا گیا۔بازاروں میں لوگوں کی بھیڑ امڈ آنے کے پیش نظر ضلع انتظامیہ سرینگر نے مخصوص دکانوں کو 4گھنٹے تک کھلا رکھنے کی ڈھیل واپس لی ہے جبکہ سرکاری ملازمین کیلئے خصوصی پاس اجرا کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں جنہیں روسٹر سسٹم پر دفاتر میں حاضر ہونا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر اعجاز اسد نے منگل کو آرڈر زیر نمبر 365-76کے تحت منگل کو چند مخصوص دکانوں کو 4گھنٹے تک کھولنے کا اپنا فیصلہ واپس لیا ہے۔نئے احکامات میں کہا گیا ہے کہ پیر کی شام جو جزوی نرمی دینے کے احکامات دیئے گئے تھے، انہیں واپس لیا گیا ہے اور اب پہلے کی طرح مکمل طور پر کورونا کرفیو کا اطلاق رہے گا۔ اسکے علاوہ نئے احکامات میںسرکاری ملازمین کی ڈیوٹیوں پر حاضر ہونے کے بارے میں احاطہ کیا گیا ہے۔ادھر ضلع انتظامیہ کی جانب سے کورونا کرفیو میں دی گئی4 گھنٹوں کی ڈھیل کے دوران لوگوں نے عید کی مناسبت سے جم کر خرید و فروخت کی۔ شہر سرینگر میں لوگوں کا اژدھام سڑکوں پر نکل آیا۔گوشت کی دکانوں اور بیکری دکانوں پر لوگوں کی زبردست بھیڑ نظر آئی۔ اگرچہ سبھی نے ماسک پہنے تھے لیکن سماجی دوری اختیار کرنے کے سرکاری احکامات کو روندا گیا۔وادی کے دیگر اضلاع میں سرینگر جیسی صورتحال نہیں تھی۔یاد رہے کہ ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر نے پیر کی شام مخصوص دکانیں کھلی رکھنے کیلئے صبح 8بجے سے 12بجے تک کورونا کرفیو میں نرمی برتنے کا اعلان کیا تھا۔لیکن منگل کو لوگوں کی اچھی خاصی بھیڑ سرینگر کے بازاروں میں امڈ آئی اور سہ پہر تک یہی صورتحال رہی۔ پولیس نے مختلف علاقوں میں پبلک ایڈرس سسٹم کے ذریعہ دکانداروں کو وارننگ دی لیکن اسکے باوجود لوگوں کی بھیڑ کم نہیں ہوئی۔جموں کشمیر کے دیگر اضلاع میںبندشیں عائد رہیں اور اس دوران بیشتر دکانیں، کاروباری و تجارتی مرکز بند رہیء اور ہر طرح کی سرگرمیاں معطل رہیں۔ خطہ چناب اور پیر پنچال میں بھی اسی طرح کی صورتحال رہی۔ ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب رہا، بازارنہیں کھلے اور لوگوں کی آمد و رفت معطل رہی۔ادھرپولیس نے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کرونا ضوابط کی خلاف ورزی کی پاداش میں 86کیس درج کئے جبکہ 672افراد سے ایک لاکھ چار ہزار تین سو پچاس روپے کی رقم بطور جرمانہ وصول کی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ44گاڑیوں کو ضبط کیا گیا۔