تھنہ منڈی // خطہ پیر پنچال میں طوفانی بارش و ژالہ باری نے نظام زندگی درہم برہم کر ددی ۔پورے خطہ پیر پنچال میں گزشتہ کئی روز سے وقفے وقفے سے ہونے والی مسلسل بارشوں اور ژالہ باری سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور ژالہ باری سے عام زندگی پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ بدھ کے روز بعد دوپہر خطہ پیر پنچال کے بیشتر علاقوں میں شدید طوفان، بارش اور ژالہ باری سے ہوئی جس کی وجہ سے اکثر ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ قصبہ تھنہ منڈی اور مضافاتی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا جس سے عام زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ کچھ دنوں کے دوران اضلاع راجوری پونچھ کے مختلف علاقوں میں تیز بارشوں اور مزیدژالہ باری ہونے کا امکان ہے۔ ابتدائی طور پر کسی جانی و مالی نقصان کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا البتہ اس کے منفی اثرات مرتب ہونے کے قوی امکانات موجود ہیں۔