سرینگر //آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کوووڈ ٹاسک فورس کے چیئرمین غلام نبی آزاد اور جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے صدر غلام احمد میر نے ہفتہ کو جموں و کشمیر میں موجودہ وبائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور ہلاکتوں کی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا۔دونوں رہنمائوں نے کووڈ کی وجہ سے اپنے قریبی اور عزیز و اقارب سے محروم ہونے والوں کے ساتھ دکھ کا اظہار کیا اور ان حالات سے دوچار افراد کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہارکیا۔صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایل جی انتظامیہ کے اقدامات اور کوششوں کا جائزہ لیتے ہوئے سابق مرکزی وزیر صحت نے جموں میں ہونے والی ہلاکتوں کی بڑھتی تعداد کے علاوہ کشمیر میں متعدد جانوں کے زیاں پر گہری تشویش کا اظہار کیااورفوری اقدامات پر زور دیا۔دونوں لیڈروں نے بستروں کی گنجائش ، دوائیوں کی دستیابی ، ایمبولینس خدمات اور دیگر سہولیات اور مختلف اسپتالوں میں کوتاہیوں کی مختلف اطلاعات کے بارے میں بھی گفتگو کی اور ایل جی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ سبھی سہولیات دستیاب رکھیں۔