بارہمولہ//ڈپٹی کمشنر بارہمولہ بھوپندر کمار نے پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ میڈیکل کالج بارہمولہ میں قائم کووڈ19 صحت مراکز کا معائنہ کیا جہاں انہوں نے اقدامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جس میں آکسیجن کی فراہمی ، مریضوں کے لئے ضروری سہولیات ، ایس او پیز پر عمل درآمد اور دیگر چیزیں شامل ہیں۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام مطلوبہ اور ضروری سہولیات کو موثر طریقے سے مہیا کیا جائے۔ انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈروں کو اعتماد میں لے کر کورونا مخالف سرگرمیوں کو بڑھانے کی ہدایت بھی دی۔دریں اثناء ڈی سی نے بتایا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر میڈیکل کالج میں ایک اضافی میڈیکل وارڈ قائم کیا جارہا ہے جسے جلد ہی وقف کردیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وارڈ میں بہترین سہولیات مہیا کی جائیں گی جو وقت کی ضرورت ہے۔کمار نے ضلع میں جاری کوویڈ 19 ویکسی نیشن پروگرام کا بھی جائزہ لیا جس دوران انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 65 فیصد آبادی پر مشتمل 2.5 لاکھ اہل مستفیدین کو اب تک ویکسین دئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زوردیا کہ باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں تاکہ کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو مستفید کیا جاسکے۔انہوں نے تمام مطلوبہ ایس او پیز اور ہدایات پر عمل کرنے پر زور دیا اور کہا کہ صرف متعلقہ مشوروں پر سختی سے عمل پیرا ہوجائیں تاکہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال کو روکا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسی بھی قسم کے مشورے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔