سرینگر// اپنی پارٹی کے سینئرنائب صدر غلام حسن میر نے ہفتہ کو ٹنگمرگ پہنچ کر اُن متاثرہ دکانداروں سے ملاقات کی جن کی دکانیں گذشتہ روز آگ کی ایک بھیانک واردات میں خاکستر ہوگئیں۔ متاثرین کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے میر نے اُن سے یکجہتی کا اظہار کیا اور یقین دلایاکہ اُن کے جائز مسائل کو متعلقہ حکام کی نوٹس میں لاکر جلد ازالے کو یقینی بنایاجائے گا۔ انہوں نے کہا’’ دکان مالکان کو ہوئے نقصانات کو دیکھ کر اُنہیں بے حد دکھ ہوا ہے، جن کے پاس سوائے اِ ن دکانوں کے کوئی ذریعہ معاش نہیں ہے،اِ ن کنبوں کی اُمیدوں پر پانی پھیر گیا جنہیں فوری مدد کی ضرورت ہے ‘‘۔ انہوں نے انتظامیہ اور میونسپل کونسل ٹنگمرگ سے اپیل کی کہ فوری طور دکانوں کی تعمیر نو شروع کی جائے تاکہ اِن متاثرین کا ذریعہ معاش محفوظ رہ سکے۔ غلام حسن میرکے علاوہ پارٹی کے یوتھ ریاستی نائب صدر اور ڈی ڈی سی ممبر ٹنگمرگ تجمل اشفاق اور ڈی ڈی سی ممبر کنزر شیخ نذیر احمد نے بھی متاثرین سے ملاقات کی۔ میر نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ قہر انگیزژالہ باری سے جومیوہ کاشتکار اور کسان متاثر ہوئے ہیں، کو بھی ایکس گریشیا ریلیف فراہم کی جائے۔