سرینگر // کشمیر میں ویکسین کی عدم دستیابی کی وجہ سے اتوار کو کورونا مخالف ٹیکہ کاری کا عمل بند رہاجبکہ جموں و کشمیر میں 18سے 45سال تک عمر کے لوگوں کیلئے قائم کئے گئے 35ویکسینیشن مراکز میں سے 34بند ہوگئے ہیں۔سٹیٹ ایمونائزیشن آفیسر ڈاکٹر شاہد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ 7مئی سے ویکسین کی سپلائی نہیں آئی ہے ‘‘۔ ڈاکٹر شاہد نے بتایا ’’ 7مئی سے ویکسین جموں و کشمیر نہیں پہنچے ہیں اور اس وجہ سے ٹیکہ کاری کے عمل میں بھی رکاوٹ آئی اور اتوار کو وادی میں ٹیکہ کاری کا عمل بند رہا تاہم جموں میں 9 ہزار 729 لوگوں کو ویکسین دیا گیا ‘‘۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ وادی میں سنیچر کو صرف 504لوگوں کو ویکسین دیا گیا جو غالباً انہیں دیا گیا جنکے لئے یہ دوسرا ڈوز تھا۔ ڈاکٹر شاہد نے مزید کہا ’’ 18سال سے 45سال تک کے عمر کے لوگوں کیلئے ٹیکہ کاری کا عمل یکم مئی سے شروع ہوا اور ابتدائی طور پراس زمرے میں آنے والے لوگوں کیلئے کشمیر میں 20اور جموں میں 15ویکسینیشن پوائنٹ قائم کئے گئے تھے لیکن ویکسین کی عدم دستیابی کی وجہ سے 34ویکسینش پوئنٹ بند ہوگئے ہیں ‘‘۔ ڈاکٹر شاہد نے بتایا کہ 18سال کے عمر کے لوگوں کیلئے صرف صدر اسپتال میں قائم ویکسینش پوئنٹ کام کررہا ہے لیکن ہم Covaxinلینے والے افراد کے دوسرے ڈوذ کو مدنظر رکھ کر ٹیکہ کاری کا عمل انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں صوبے میں ٹیکہ کاری کا عمل سست رفتاری سے جاری ہے اور اتوار کو 9ہزار533لوگوں کو ویکسین دیا گیا ‘‘۔کورونا مخالف ویکسین کی سپلائی کے امکانات پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد نے بتایا ’’ اُمید ہے کہ اتوار دیر رات تک ہمیں جانکاری موصول ہوجائے گی اور آئندہ ایک دو دنوں میں ویکسین جموں و کشمیر پہنچ جائے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ 16جنوری کو پورے ملک کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں بھی کورونا مخالف ٹیکہ کاری کا عمل شروع ہوا تھا لیکن ابتک صرف 28لاکھ لوگوں کو کورونا مخالف ویکسین دیا گیا ہ،جن میں کشمیر میں 13لاکھ 35ہزار954 جبکہ جموں میں 14لاکھ78ہزار318افراد کو ویکسین دیاگیا ہے۔ کشمیر میں ٹیکہ لگانے والے 13لاکھ35ہزار 954افراد میں اننت ناگ میں1لاکھ 65ہزار318، کولگام میں 96ہزار357، شوپیان میں 76ہزار587، پلوامہ میں 1لاکھ 17ہزار405، سرینگر میں 1لاکھ 97ہزار571، بڈگام میں 1لاکھ 79 ہزار645، بارہمولہ میں 2لاکھ41ہزار880، کپوار میں91ہزار272، بانڈی پورہ میں 81ہزار864 اور گاندربل میں 88ہزار55افراد کو ویکسین دیا گیا ہے۔ جموں صوبے کے 14لاکھ 78ہزار318افراد میں جموں میں 5لاکھ 63ہزار880، ادھمپور میں 1لاکھ 42ہزار14،راجوری میں 1لاکھ 16ہزار980، کٹھوعہ میں 1لاکھ 58ہزار849، پونچھ میں 94ہزار946، رام بن میں 75ہزار40، ڈوڈہ میں 87ہزار197، کشتواڑ میں 54ہزار452، ریاسی میں 74ہزار250 اور سانبہ ضلع کے 1لاکھ 10ہزار 638افراد کو ویکسین دیا گیا ہے۔