کورونا کرفیو نویں روز بھی جاری،کشتواڑضلع میں عام زندگی متاثر
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ میں انتظامیہ کی جانب سے لگائے گئے کورونا کرفیو کے سبب ضلع بھر میں عام زندگی بری طرح مفلوج ہوکررہ گئی ہے جبکہ آج بھی پولیس نے قصبہ کے ساتھ ساتھ دیہات میں بھی سخت بندشیں عائد کیں۔ اگرچہ بازاروں میں صبح نرمی برتنے کے ساتھ ہی لوگوں کی بھاری بھیڑ دیکھنے کو ملی تاہم اسکے بعد بھی بازاروں میں لوگوں کی بھاری بھیڑ دیکھی جارہی تھی جسکے بعد پولیس نے اب مزید سختی برتنی شروع کی جس دوران کئی افراد کے چالان کئے گئے۔ آج بھی سبزی، پھل مرغ،گوشت، بیکری و دودھ کی دوکانوں کو دس بجے تک کھولنے کی اجازت تھی تاہم ڈھیل ختم ہوتے ہی پولیس نے سختی کرتے ہوئے کی مقامات پر خاردار تاریں بچھائیں اور لوگوں کے چلنے پر قدغن لگائی جبکہ گاڑیوں کو پوچھ تاچھ کے بعد چلنے کی اجازت دی جانے لگی۔قصبہ میں آج بھی ادویات کی دکانیں دن بھر کھلی رہیں جبکہ دیگر دوکانیں ، تجاراتی مراکز ،ٹرانسپورٹ مکمل بند رہا ۔قصبہ کے ساتھ ضلع کے دیگر علاقہ جات میں بھی کرونا کرفیو مسلسل جاری ہے۔ کشتواڑ کے چھاترو ، مغل میدان، پاڈر ، ٹھکرائی ، درابشالہ ، بونجواہ و دیگر علاقوں میں بھی کرونا کرفیو کا نفاد عمل میں لایا گیاتھا جس دوران تمام تر تجارتی مراکز دس بجے کے بعد بند رہے۔ تفصیلات کے مطابق دیہات میں بھی پولیس کی جانب سے سختی برتی جارہی ہے اور بلاجواز گھومنے والوں پر سختی کی جارہی ہے تاکہ اس وبائی بیماری پر قابو پایاجاسکے۔وہیں ضلع انتظامیہ نے اب بلاجوز باہر نکلنے والوں پر مزید سختی عمل میں لائی اور اب ضلع میں میڈیکل ایمرجنسی و دیگر کسی قسم کی ایمرجنسی کیلئے کرفیو پاس کی ضرورت ہوگی۔
کشتواڑقصبہ کے مزید علاقے مائیکرو کنٹینمنٹ زون قراد
عاصف بٹ
کشتواڑ//کشتواڑ قصبہ میں کرونا وائرس کے مثبت معاملات میں مسلسل اضافے کے ساتھ ہی انتظامیہ نے قصبہ کے مزید علاقوں کو مائیکرو کنٹینمنٹ زون قراد دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قصبہ کا زیلنہ علاقہ اور بن آستان کے علاقوںمیں مثبت معاملے سامنے آنے کے بعد علاقے میں بندشیں عائد کی گئیں۔ زیلنہ میں ششی کمارکے مکان سے ستیش کمار کے مکان تک جسکی آبادی 40 پر مشتمل ہے، کو مائیکرو کنٹینمنٹ زون قراد دیا وہیں بن آستان کے علاقہ میں ارشد حسین میر کی دوکان سے عبدالمجید کے مکان تک جو 200 آبادی پرمشتمل ہے،کو مائیکرو کنٹینمنٹ زون قراد دیا ہے جبکہ نایب تحصیلدار کشتواڑکو انچارج تعینات کیا گیا جبکہ ایس ایچ او کشتواڑ کو علاقے میں صد فیصد ٹیسٹنگ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ڈوڈہ میں کووڈ 19 کے 59 نئے مریض
۔50 صحت یاب ،80 سالہ شخص کی موت
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع سے منگل کے روز کورونا وائرس کے 59 نئے مریض سامنے آئے ہیں 50 صحتیاب ہوئے ہیں اور ایک 80 سالہ شخص کی موت ہوئی ہے ۔اطلاعات کے مطابق منگل کے روز ڈوڈہ، بھدرواہ، عسر ،ٹھاٹھری و گندوہ میں ہوئی کوؤڈ جانچ کے دوران کوؤڈ 19 کے 59 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں اور 50 مریض صحتیاب ہوئے ہیں. مثبت مریضوں کو خانہ قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد 969 و صحتیاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 3787 پہنچ گئی ہے۔اس دوران اکرم آباد ڈوڈہ کے اسی سالہ بزرگ کی موت ہوئی ہے اور اسطرح سے ضلع میں کورونا وائرس سے اب تک 75 اموات ہوئیں ہیں۔